حکومت پاکستان نے وزیراعظم کی ہدایت پر نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ کردیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 100 ٹن امدادی سامان چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو روانہ کیا۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے روانہ کیے جانے والے امدادی سامان میں خیمے، کمبل، میٹس، حفظانِ صحت کی کٹس اور ادویات شامل ہیں۔
اس سلسلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیپال کے لیے امدادی سامان روانہ کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں نیپال کے سفیر سمیت این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور فلاحی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاکہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال اور اس کے سیلاب متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے نیپالی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مشکل وقت میں نیپال کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائےگا۔
حکومت کے مطابق این ڈی ایم اے کی مربوط کوششوں کے نتیجے میں نیپال کی متاثرہ عوام کے لیے بروقت امدادی کھیپ روانہ کی گئی ہے۔














