امریکا نے مقامی ماہی گیروں کی مدد اور صارفین کو سمندری خوراک کی اصل کے بارے میں واضح معلومات فراہم کرنے کے لیے ملکی سمندری خوراک پر خصوصی لیبل لگانے کا منصوبہ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی انتظامیہ کے مطابق، سمندری خوراک کے لیے ’امریکی ساختہ‘ یا ‘امریکا میں پکڑی گئی’ کے نام سے باضابطہ لیبل متعارف کرایا جائے گا، اس اقدام کا مقصد امریکی تجارتی ماہی گیروں کی معاونت کرنا ہے، جنہیں سستی غیر ملکی درآمدات کی وجہ سے سخت مسابقت کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں بھی صحت مند غذا صرف خواب، شہریوں کی پلیٹ میں جنک فوڈ کا راج
امریکی وزیر صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے جمعے کے روز فلوریڈا کے شہر فورٹ مائرز میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ ایک جلسے کے دوران اس منصوبے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں تیار یا پکڑی جانے والی سمندری خوراک کے لیے خصوصی لیبل متعارف کرانے سے صارفین کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ وہ جو مصنوعات خرید رہے ہیں، ان کا تعلق کس ملک سے ہے۔
.@SecKennedy: "President Trump is rebuilding the infrastructure, he's reopening the markets for our commercial fishermen — and today, he's announcing a label for all American-made seafood that says it's American-made." 🦞 pic.twitter.com/DxXDTPNDDW
— Rapid Response 47 (@RapidResponse47) October 23, 2026
اس اقدام کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس لیبل کے ذریعے صارفین مقامی طور پر پکڑی جانے والی سمندری خوراک، مثلاً فلوریڈا کے گلابی جھینگوں، اور بیرون ملک سے درآمد کی جانے والی مصنوعات میں باآسانی فرق کر سکیں گے۔
نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق، امریکا میں استعمال ہونے والی سمندری خوراک کا تقریباً 80 فیصد حصہ درآمد کیا جاتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، امریکا میں مقامی طور پر پکڑی جانے والی سمندری خوراک کی مالیت تقریباً 5.1 ارب ڈالر ہے، جبکہ غیر ملکی سمندری خوراک کی سالانہ درآمدات تقریباً 25 ارب ڈالر تک پہنچ جاتی ہیں۔
مزید پڑھیں: خوراک خریدنے سے پہلے معلومات چیک کرنے والی ایپس واقعی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں؟
نیوانگلینڈ فشرمینز اسٹیورڈشپ ایسوسی ایشن سمیت ماہی گیروں کی صنعت سے وابستہ مختلف تنظیموں نے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے، ان تنظیموں کے مطابق، یہ اقدام امریکی ماہی گیری کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور مارکیٹ میں شفافیت کو فروغ دینے کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق، امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے تجویز کردہ ’یو ایس کَاٹ سی فوڈ‘ لیبل رضاکارانہ ہوگا، یعنی اسے استعمال کرنا لازمی نہیں ہوگا۔
وائٹ ہاؤس نے مزید بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی ماہی گیروں اور صارفین کو وفاقی حکومت کے سمندری خوراک سے متعلق اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک نئی ویب سائٹ بھی متعارف کرائی ہے۔











