یومِ بحریہ: صدر اور وزیراعظم کا پاک بحریہ کے شہدا، غازیوں اور افسران و جوانوں کو خراجِ عقیدت

منگل 8 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ بحریہ پاکستان کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران، جوانوں، اہلکاروں اور ان کے اہلِخانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ وطن کی سمندری حدود، قومی مفادات اور بحری تجارت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر 1965 کو پاک بحریہ کا بھارتی بحری تنصیب دوارکا کے خلاف تاریخی آپریشن’سومناتھ‘ اس کی شجاعت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی یاد دلاتا ہے۔ مئی 2025 کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے آپریشنل تیاری اور پیش قدمی کے ذریعے پاکستان کے بحری مفادات کا مؤثر دفاع کیا۔

مزید پڑھیں:پاک بحریہ ملک کا محافظ اور تابناک مستقبل کا معمار ہے، وزیراعظم کا یومِ بحریہ پر پیغام

صدر مملکت نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے دوران پاک بحریہ نے ’آپریشن محافظ البحر‘ کے تحت ملکی توانائی اور معاشی ضروریات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا اور سمندری راستوں سے توانائی کی ضروری ترسیل کا تسلسل برقرار رکھا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یومِ بحریہ 1965 کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے عزم، شجاعت اور ثابت قدمی کی یاد تازہ کرنے والا قابلِ فخر دن ہے۔ پاک بحریہ نے آپریشن ’سومناتھ‘ کے ذریعے دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات کو نشانہ بنایا جبکہ آبدوز ’غازی‘ کی موجودگی نے دشمن کی نقل و حرکت پر دباؤ بڑھایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مئی 2025 کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے اعلیٰ عملی تیاری کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث عددی برتری رکھنے والا دشمن سمندر میں کسی جارحانہ کارروائی سے باز رہا۔

صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ تزویراتی صورتحال میں پاک بحریہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ بین الاقوامی بحری مواصلاتی گزرگاہوں، تجارتی راستوں اور ملکی توانائی کی فراہمی کے تحفظ میں پاک بحریہ کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے پاک بحریہ کی جدید کاری اور نئی جنگی صلاحیتوں کے حصول کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید جنگی جہازوں، ہانگور کلاس آبدوزوں، فضائی اثاثوں، بغیر پائلٹ نظام اور مقامی طور پر تیار کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی شمولیت پاک بحریہ کو جدید اور مؤثر بحری قوت بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔

مزید پڑھیں:1965 کی جنگ میں پاک نیوی نے جرات و ہمت کی نئی تاریخ رقم کی، یومِ بحریہ پر صدر مملکت، وزیراعظم کے پیغامات

صدر مملکت اور وزیراعظم نے پاک بحریہ کی ’امن‘ مشق اور ’امن ڈائیلاگ‘ کے ذریعے بحری سفارتکاری اور عالمی و علاقائی تعاون کے فروغ کو بھی سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے پاک بحریہ کے شہدا، غازیوں، سابق اہلکاروں اور موجودہ افسران و جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کے بحری مفادات اور سمندری حدود کا جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ دفاع جاری رکھے گی۔

پاک بحریہ زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp