ویمنز ایشیا کپ: سیمی فائنل سے قبل بیٹنگ میں بہتری کی کوششیں، کپتان فاطمہ ثنا کا پختہ عزم

منگل 8 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ویمنز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جمعے کے روز سری لنکا کے خلاف اہم معرکے سے قبل پاکستانی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کھلاڑیوں پر بیٹنگ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویمنز ایشیا کپ: پاکستان نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

پاکستان نے اپنے آخری لیگ میچ میں ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کی تھی۔ اس فتح کی اصل ہیروئن بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرہ سندھو رہیں جنہوں نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ  ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی بولر کی بہترین بولنگ کا نیا ریکارڈ ہے۔

ہانگ کانگ کے خلاف اس شاندار فتح کے باوجود کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ سری لنکا جیسے مضبوط حریف کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹیم کو بیٹنگ لائن میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

فاطمہ ثنا نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہمیں بیٹنگ میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے خاص طور پر اسٹرائیک روٹیٹ کرنے اور اچھی شراکت داریاں (پارٹنرشپ) قائم کرنے پر توجہ دینی ہوگی۔ ہم ایک ساتھ بیٹھ کر ان تمام خامیوں پر بات کریں گے اور انہیں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیے: ویمنز ٹی20 ایشیا کپ 2026 ٹرافی کی دبئی میں رونمائی

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم سیمی فائنل سے قبل اپنی خامیوں کا جائز لے گی تاکہ ناک آؤٹ مرحلے میں بہترین حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترا جا سکے۔

دوسری جانب سری لنکا کی ٹیم اب تک بغیر کوئی میچ ہارے غیر مغلوب ہو کر سیمی فائنل میں پہنچی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم ہانگ کانگ کے خلاف ملنے والی فتح سے اعتماد حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنانے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی نے ویمنز چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی سری لنکا سے بھارت منتقل کردی

ہانگ کانگ کی ٹیم ایونٹ میں ایک بھی میچ نہیں جیت سکی تاہم ان کی کپتان نتاشا مائلز کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ ان کی ٹیم کے لیے ایک بہترین تجربہ رہا جس سے کھلاڑیوں کو اپنے کھیل اور صلاحیتوں کو سمجھنے کا موقع ملا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp