ایجبسٹن ٹیسٹ میں شان مسعود کی شاندار 95 رنز کی اننگز، رمیز راجا اور وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑ دیا

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایجبسٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کے سابق کپتان شان مسعود اپنی 8 ویں ٹیسٹ سینچری مکمل کرنے سے محض 5 رنز قبل آؤٹ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرینیڈاڈ ٹیسٹ: شان مسعود اور امام الحق کی شاندار بیٹنگ، ویسٹ انڈیز کی برتری قریباً ختم

کھانے کے وقفے کے بعد دوسری اننگز میں بائیں ہاتھ کے بیٹر ایٹکنسن کی گیند پر سلپ میں ڈین لارنس کے شاندار کیچ کا شکار بنے اور 148 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 95 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تاہم اپنی اس اننگز کے دوران شان مسعود نے ایک بڑا سنگ میل عبور کر لیا۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں رنز بنانے کے معاملے میں سابق ٹیسٹ اوپنر، 1992 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے رکن رمیز راجہ اور لیجنڈ فاسٹ بولر و سابق کپتان وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑ دیا۔

رمیز راجہ نے سنہ 1984 سے سنہ 1997 تک پاکستان کے لیے 57 ٹیسٹ میچوں کی 94 اننگز میں 31.83 کی اوسط سے 2 سینچریوں اور 22 نصف سینچریوں کی مدد سے 2833 رنز بنائے تھے۔

مزید پڑھیے: شان مسعود کی کپتانی کیوں ختم کی گئی؟ عاقب جاوید نے وجہ بتا دی

شان مسعود نے اب تک 50 ٹیسٹ میچوں کی 96 اننگز میں 30.80 کی اوسط سے 7 سینچریوں اور 15 نصف سینچریوں کی مدد سے 2926 رنز بنا لیے ہیں اور وہ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والوں کی فہرست میں 23 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

پاکستان کے لیے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ لیجنڈ یونس خان کے پاس ہے جنہوں نے 10099 رنز اسکور کیے۔

یہ برمنگھم ٹیسٹ شان مسعود کے کیریئر کا 50 واں ٹیسٹ میچ ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ میں میچوں کی نصف سینچری مکمل کرنے والے پاکستان کے 33 ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا اعزاز جاوید میانداد کو حاصل ہے جنہوں نے 1976 سے 1993 تک 124 ٹیسٹ میچ کھیلے۔

مزید پڑھیں: شان مسعود کی کپتانی کا معاملہ پھر زیر بحث، پاکستان ٹیسٹ ٹیم قیادت کے بحران سے دوچار

واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک پاکستان کے صرف 5 کھلاڑی 100 سے زائد ٹیسٹ میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر سکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp