وائٹ واش کے باوجود محمد عباس کا اعزاز، انگلینڈ کے اولی رابنسن کے ساتھ مشترکہ پلیئر آف دی سیریز قرار

ہفتہ 12 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ کے ہاتھوں 0-3 سے وائٹ واش کے باوجود پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کا مشترکہ پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز اپنے نام کر لیا جو انہوں نے انگلینڈ کے اولی رابنسن کے ساتھ شیئر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایجبسٹن ٹیسٹ: انگلینڈ کی پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست، سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش

ایجبسٹن میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے اختتام پر میزبان ٹیم نے سیریز 3-0 سے اپنے نام کی تاہم قومی ٹیم کے لیے محمد عباس سب سے نمایاں بولر رہے۔

36 سالہ محمد عباس نے سیریز کی 5 اننگز میں 25.38 کی شاندار اوسط سے 13 وکٹیں حاصل کیں۔ بولنگ کے ساتھ ساتھ انہوں نے بیٹنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا اور سیریز میں 86 رنز بنائے جس میں ان کے کیریئر کی بہترین 42 رنز کی اننگز بھی شامل ہے جو انہوں نے آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں کھیلی اور ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچاتے ہوئے انگلینڈ کے لیے 130 رنز کا معقول ہدف سیٹ کرنے میں مدد دی۔

محمد عباس کا سیریز کا آغاز قدرے سست رہا۔ انہوں نے ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں صرف ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیے: ’بدنام اگر ہوں گے تو کیا نام نہ ہوگا‘: انگلینڈ کیخلاف پہلے ہی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کئی ان چاہے ریکارڈ

گیند کے ساتھ ان کی اصل کارکردگی لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں سامنے آئی جہاں انہوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 130 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں 73 رنز دے کر حاصل کیں اور دوسری اننگز میں 5 وکٹیں لے کر سیریز میں اپنی واحد فائیو وکٹ ہال مکمل کی۔

اولی رابنسن۔

تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں محمد عباس نے مجموعی طور پر 122 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور 63 رنز بھی بنائے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے 32 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اولی رابنسن جنہوں نے عباس کے ساتھ یہ اعزاز شیئر کیا سیریز کے سب سے کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے 6 اننگز میں صرف 8.76 کی حیران کن اوسط سے 21 وکٹیں حاصل کیں اور 58 رنز بھی بنائے۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ، محمد عباس نے تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا

سیریز میں ان کی بہترین کارکردگی ہیڈنگلے میں پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سامنے آئی جہاں انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی پانچویں فائیو وکٹ ہال تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp