وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ٹیلیفون، حوثی حملوں کی شدید مذمت، امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

اتوار 13 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے سعودی عرب کے شہری و معاشی بنیادی ڈھانچے پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کی اور مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان ٹیلی فون پر انتہائی گرمجوش اور دوستانہ گفتگو ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد میں ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اس دوران وزیرِ اعظم نے سعودی عرب کی شہری اور معاشی تنصیبات پر حوثیوں کی جانب سے کیے گئے حالیہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور سعودی قیادت اور برادر عوام سے پاکستان کی جانب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

عالمی معیشت پر اثرات اور سفارتی کوششیں

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی یہ غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہیں، جن کے نتیجے میں عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے مشکل حالات میں سعودی ولی عہد کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی حمایت کا خیرمقدم

بیان کے مطابق اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مشکل کی اس گھڑی میں مملکت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کاؤشوں کی تعریف کی۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات، پاکستان کیجانب سے مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ

دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور جلد ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  پر اپنی پوسٹ میں بھی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گفتگو کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور علاقائی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp