خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں سونے کی مبینہ غیر قانونی کان پر 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد جاں بحق، جبکہ ایک راہگیر سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا واقعہ گمبٹ تھانے کی حدود دربو کچ میں پیش آیا، جہاں سونے کی کان پر مبینہ طور پر 2 گروپوں کے درمیان تنازع کے بعد ایک دوسرے پر فائرنگ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ہرنائی خوست کوئلہ کان پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 4 افراد جاں بحق ، 1زخمی
مقامی افراد کے مطابق فائرنگ کے دوران علاقے میں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی، جبکہ گولیوں کی زد میں آکر ایک راہگیر سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
خیبرپختونخوا کا وزیراعلی سہیل آفریدی لاہور کی سیر کیلئے جارہے ہیں
اور اپنے صوبے کے ضلع کوہاٹ میں اس قدر کشیدہ حالات ہیں
جہاں غیر قانونی کان کنی کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور دوگروپوں کے مابین تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں
حکومت کے ترجمان شفیع جان اور وزیر قانون… pic.twitter.com/JED2nV7lz6— Irfan Khan (@irfijournalist) September 14, 2026
جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی، جبکہ پولیس نے فائرنگ میں ملوث افراد اور واقعے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
مزید پڑھیں: پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ دکاندار قتل ، ملزمان فرار
ذرائع کے مطابق مذکورہ مقام پر سونے کی کان کنی کے حوالے سے 2 گروپوں کے درمیان اختلافات موجود تھے اور فائرنگ کا واقعہ بھی اسی تنازع کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تاہم، فائرنگ کی اصل وجہ اور جاں بحق و زخمی افراد کی شناخت کے بارے میں مزید تفصیلات پولیس تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔
پولیس نے واقعے کے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ علاقے میں مزید کسی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔












