قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو بذریعہ کورئیر اپنا جواب ارسال کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کو بھیجے گئے جواب میں اپنی طلبی اور مبینہ طور پر تحویل میں لیے گئے موبائل فون سے متعلق متعدد سوالات اٹھائے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: موبائل فون ڈیٹا کی تحقیقات، کرکٹرز امام الحق اور محمد رضوان سائبر کرائم ایجنسی میں پیش
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ محمد رضوان نے اپنے جواب میں این سی سی آئی اے سے استفسار کیا کہ انہیں کس وجہ سے طلب کیا گیا اور ان سے کیا پوچھ گچھ مقصود ہے۔
محمد رضوان نے ایجنسی سے یہ بھی سوال اٹھایا کہ ان کا موبائل فون اب تک واپس کیوں نہیں کیا گیا۔
قومی کرکٹر نے این سی سی آئی اے سے یہ وضاحت بھی طلب کی کہ انہوں نے کون سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے، اگر کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے تو اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔
مزید پڑھیں: پی سی بی کا سلیکشن کمیٹی کے رکن کو شوکاز نوٹس، محمد رضوان اور امام الحق کی سلیکشن پر جواب طلب
محمد رضوان نے اپنے جواب میں کہا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ انہیں کس بنیاد اور کس معاملے میں این سی سی آئی اے کے سامنے پیش ہونے کے لیے بلایا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق رضوان نے اپنے خط میں متعلقہ حکام سے اپنی طلبی کی وجوہات اور معاملے کی نوعیت واضح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔














