وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارش پر بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی مشنز کے لیے 5 نئے سفیروں اور ایک قونصل جنرل کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
وزارتِ خارجہ کے ذرائع کے مطابق، اعلیٰ سطح کی سفارتی تبدیلیوں کا فیصلہ ملک کی خارجہ پالیسی کو مزید فعال بنانے اور دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو استوار کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد آفتاب حسن قازقستان میں پاکستان کے نئے سفیر مقرر کیے گئے ہیں۔ آفاق کھوکھر آئرلینڈ میں بطور سفیر ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ قمر عباس کھوکھر بیلاروس میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ مدثر چوہدری برونائی میں نئے سفیر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ شائق بھٹو بلغاریہ میں پاکستان کے سفیر مقرر ہوئے ہیں۔ جبکہ احسن نبیل جرمنی کے شہر میونخ میں نئے قونصل جنرل کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منظوری کے بعد تمام نامزد سفارت کار اور قونصل جنرل جلد ہی اپنے متعلقہ ممالک میں جا کر اپنی نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔














