برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے، وزیراعظم شہباز شریف

منگل 15 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے اور روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ مزید شعبوں کو بھی عالمی منڈیوں میں برآمدات کے لیے تیار کیا جائے۔

ملکی برآمدات بڑھانے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے اسلام آباد میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تجارت کو متنوع بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ شعبوں اور صنعتوں کو برآمدی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنانے، کوالٹی اشورنس کے نظام کو مؤثر بنانے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی قدر اور مسابقت دونوں میں اضافہ ہو۔

یہ بھی پڑھیے معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافے کے سوا کوئی آپشن نہیں، وزیراعظم شہباز شریف

برآمدی صنعتوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کو درپیش انتظامی اور کاروباری رکاوٹیں دور کی جائیں اور برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جائے۔

اجلاس میں برآمدات کے فروغ کے لیے منظور شدہ اسٹریٹجک روڈ میپ پر عمل درآمد سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ نئی عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدی شعبوں میں تنوع، مصنوعات کے معیار میں بہتری اور کاروباری سہولت کاری کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ برآمدی شعبوں کی عالمی سطح پر مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی منڈی تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے متعدد دوست ممالک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدوں اور رعایتی نرخوں پر تجارت کے معاہدوں سمیت ہارٹیکلچرل مصنوعات کو برآمدات میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستانی سرجیکل اور طبی آلات کی برآمدات بڑھانے کے لیے بین الاقوامی ہسپتالوں کے ٹینڈرز اور خریداری کے عمل میں پاکستانی برآمد کنندگان کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے وزیراعظم شہباز شریف کی برآمدات بڑھانے کے لیے کاروباری برادری سے تجاویز طلب

عالمی کمپنیوں کو پاکستانی مصنوعات سے روشناس کرانے کے لیے ٹیکسپو، ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو، فوڈ اینڈ ایگریکلچر اور دیگر شعبوں سے متعلق نمائشیں ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کی جا رہی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ برآمدات میں جدت کو فروغ دینے کے لیے دانشورانہ ملکیت کے قوانین کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر کام جاری ہے، جبکہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تنظیم نو کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور ای ڈی ایف کی جانب سے کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp