بھارت میں سیکیورٹی غفلت، عالمی رہنماؤں کی جان خطرے میں پڑ گئی، پولیس اہلکار معطل

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نئی دہلی میں 18ویں برکس سربراہی اجلاس کے دوران غیر ملکی مندوبین کی سیکیورٹی پر مامور دہلی پولیس کے اہلکار نے ڈیوٹی کے دوران اسلحے اور اسنائپر رائفل کی ویڈیوز بنا کر انسٹاگرام پر اپ لوڈ کردیں، جس پر اسے فوری طور پر معطل کرکے محکمانہ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔

دہلی پولیس کانسٹیبل دیپک بنگار کو وسطی دہلی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل کی چھت پر اسنائپر ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تھا، جہاں برکس سربراہی اجلاس میں شریک غیر ملکی مندوبین قیام پذیر تھے۔ بنگار کا تعلق شمال مغربی ضلع کے فارنرز سیل سے بتایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق بنگار کی جانب سے انسٹاگرام پر اپ لوڈ کی گئی 2 ویڈیوز بعد میں محکمہ پولیس کے علم میں آئیں۔

یہ بھی پڑھیے ’مفت کے ڈرائی فروٹ پر ایسے ٹوٹ پڑے جیسے کبھی کھایا ہی نہیں’، برکس اجلاس میں بھارتی ترجمان کی ویڈیو وائرل

ایک ویڈیو میں وہ سویلین لباس میں برکس سربراہی اجلاس 2026 کا شناختی کارڈ پہنے سروس پستول ہاتھ میں لیے دکھائی دیتا ہے، جبکہ ویڈیو میں ہوٹل کے اطراف کا علاقہ بھی نظر آتا ہے۔

دوسری ویڈیو میں وہ ہوٹل کی چھت سے اسنائپر رائفل کی دوربین سے دیکھتا دکھائی دیتا ہے، جس کے پس منظر میں بعض اہم عمارتیں بھی نظر آ رہی ہیں۔

ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر سوالات اٹھائے گئے کہ حساس سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران ایسی ریکارڈنگ اور اسے عوامی سطح پر شیئر کرنے کی اجازت کیسے دی گئی۔ دہلی پولیس نے بنگار کو برکس سیکیورٹی ڈیوٹی سے ہٹا کر فوری طور پر معطل کردیا اور اسے اس کے آبائی ضلع واپس بھیج دیا۔

یہ بھی پڑھیے رشوت طلب کرنے کی ویڈیو وائرل، اسلام آباد پولیس اہلکار گرفتار

ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ محکمہ نے واقعے کو ’سنگین تادیبی غفلت‘ قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ویڈیوز کن حالات میں بنائی اور اپ لوڈ کی گئیں۔ افسر کے مطابق تحقیقات کی روشنی میں قواعد کے تحت مزید کارروائی کی جائے گی۔ حساس سیکیورٹی ذمہ داریوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر پہلے ہی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے کیونکہ تصاویر یا ویڈیوز سے سیکیورٹی انتظامات، مقامات اور تعیناتیوں سے متعلق معلومات سامنے آ سکتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp