برکس سربراہی اجلاس: مودی سرکار نے عالمی رہنماؤں کو صرف سبزیاں کھانے پر مجبور کیا

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر بھارت کی مودی حکومت کی طرف سے  عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں صرف سبزیوں پر مشتمل کھانے پیش کیے جانے پر بھارت میں سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا۔

اپوزیشن نے نریندر مودی حکومت پر بھارت کی متنوع غذائی ثقافت کو محدود انداز میں پیش کرنے اور سبزی خوری کو عالمی رہنماؤں پر مسلط کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

نئی دہلی میں ہونے والے عشائیے میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کو 10 سے زائد سبزیوں کی ڈشز پیش کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے ’مفت کے ڈرائی فروٹ پر ایسے ٹوٹ پڑے جیسے کبھی کھایا ہی نہیں’، برکس اجلاس میں بھارتی ترجمان کی ویڈیو وائرل

کانگریس رہنما راہول گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ 80 فیصد بھارتی گوشت خور ہیں اور بھارتی نان ویج کھانے بھی اپنی جگہ اہمیت رکھتے ہیں۔ کانگریس کے ایک اور رہنما وارس پٹھان نے کہا کہ سبزی خوری کو فروغ دینا حکومت کا حق ہے، تاہم بھارت کی غذائی ثقافت کو صرف سبزیوں کی ڈشز تک محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔

کانگریس رہنما پون کھیڑا نے الزام عائد کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی پہلے ہی بھارتی شہریوں پر اپنی غذائی ترجیحات مسلط کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے اور اب یہی طرزِ عمل دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں تک پہنچا دیا گیا ہے۔ تاہم وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے اپوزیشن کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس برکس ممالک کے سربراہان کو پیش کیے گئے کھانے کے مینو پر بھی سیاست کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے بھارت میں سیکیورٹی غفلت، عالمی رہنماؤں کی جان خطرے میں پڑ گئی، پولیس اہلکار معطل

برکس عشائیے میں شمالی بھارتی پنیر کی ڈش ’پنیر لابابدار‘، کشمیر سے حاصل کیے گئے ہمالیائی ’گچی‘ مشروم اور چقندر کے رائتہ سمیت تقریباً 10 پکوان شامل تھے۔ بھارت میں خوراک کی ترجیحات ذات اور مذہبی وابستگیوں سے بھی جڑی ہوئی ہیں، جبکہ گوشت، مچھلی اور انڈے کھانے والی آبادی میں مسلمان، دلت، عیسائی اور دیگر طبقات بھی شامل ہیں۔ بعض بھارتی ریاستوں میں مذہبی مواقع کے دوران گوشت کی فروخت، مذبح خانوں اور اسکولوں میں انڈوں یا گوشت کی ڈشز کی فراہمی پر مختلف نوعیت کی پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت میں کسی عالمی سربراہ کو سبزیوں پر مشتمل کھانے پیش کئے گئے ہوں۔ 2023ء کی جی 20 سربراہی کانفرنس کے دوران فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بارے میں رپورٹ کیا گیا تھا کہ سبزیوں پر مشتمل عشائیے کے بعد انہوں نے اپنے ہوٹل میں روٹی، پنیر اور گوشت منگوایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp