نانا پاٹیکر نے ڈیڑھ کروڑ کی گاڑی خریدنے کے بجائے رقم کسانوں کو کیوں دی؟

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر کی سخاوت اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے سے متعلق ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے ان کی شخصیت کا ایک مختلف پہلو اجاگر کردیا۔

معروف مصنف رنبیر پشپ نے نانا پاٹیکر کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار نے کسانوں کی خودکشیوں سے متاثرہ خاندانوں کی حالت زار دیکھ کر اپنے لیے مہنگی گاڑی خریدنے کا فیصلہ ترک کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’76 سال کی عمر میں یہ سب کچھ‘، نانا پاٹیکر کی ویڈیو نے سب کو حیران کردیا

رنبیر پشپ کے مطابق نانا پاٹیکر ایک روز خبریں دیکھ رہے تھے کہ ان کی نظر ان خاندانوں پر پڑی جو کسانوں کی خودکشیوں کے بعد شدید مشکلات کا شکار تھے۔ اداکار اگلے روز تقریباً ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے مالیت کی گاڑی خریدنے والے تھے، تاہم متاثرہ خاندانوں کی حالت دیکھنے کے بعد انہوں نے گاڑی خریدنے کے بجائے رقم ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔

مصنف نے بتایا کہ نانا پاٹیکر نے اپنے ایک ساتھی فنکار کو فون کرکے 15،15 ہزار روپے کے چیک تیار کرنے اور انہیں کسانوں کی خودکشیوں سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کرنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ویڈیو: نانا پاٹیکر غصے میں آگئے، شاہد کپور کی فلم کی تقریب چھوڑ کر روانہ

رنبیر پشپ نے نانا پاٹیکر کی سماجی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار نے بعدازاں نام فاؤنڈیشن قائم کی، جس کے ذریعے کسانوں اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے لیے فنڈز جمع کیے گئے۔

انہوں نے نانا پاٹیکر کے غصے کے حوالے سے بھی ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔ ان کے مطابق اداکار نے ایک شخص کو چلتی گاڑی سے پلاسٹک کی بوتل سڑک پر پھینکتے دیکھا تو شدید برہم ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: نانا پاٹیکر نے اپنے مداح کو تھپڑ کیوں مارا؟

رنبیر کے مطابق نانا نے گاڑی روک کر بوتل اٹھائی اور ٹریفک سگنل پر اس شخص کی گاڑی روک کر اسے صفائی اور شہری ذمہ داری کا احساس دلایا۔ اداکار نے سوال کیا کہ ملک کو صاف رکھنے کی ذمہ داری آخر کس کی ہے اور کیا ہر شہری کو اپنے ماحول کو صاف رکھنے میں کردار ادا نہیں کرنا چاہیے؟

دوسری جانب نانا پاٹیکر کا فلمساز ودھو ونود چوپڑا کے ساتھ ماضی کا تنازع بھی ایک عرصے تک خبروں میں رہا۔ 2024 میں ودھو ونود چوپڑا نے ایک ٹی وی شو میں اس اختلاف کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ نانا پاٹیکر کی ہدایت کاری کے دوران وہ اکثر ان سے سخت الفاظ میں بات کرتے تھے، جس کے بعد انہوں نے بھی نانا کو جواب دینا شروع کردیا تھا۔

رنبیر پشپ کے مطابق نانا پاٹیکر کے تیز مزاج کے باوجود ان کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو دوسروں کی مدد کرنے اور ضرورت مندوں کا ساتھ دینے کا جذبہ بھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp