حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے کے حوالے سے مذاکرات کا اہم اور چوتھا دور آج شام 6 بجے وفاقی سیکرٹریٹ (پی-بلاک) میں منعقد ہوگا۔
7 ستمبر سے جاری اس مذاکراتی عمل میں دونوں فریقین کے اہم رہنما شامل ہیں۔ جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت نائب امیر لیاقت بلوچ کر رہے ہیں، جبکہ وفد میں سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ اور نوید علی بیگ شامل ہیں۔ دوسری جانب حکومتی مذاکراتی ٹیم کی سربراہی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کر رہے ہیں، جن کے ساتھ رانا ثناءاللہ خان، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی مذاکرات کا حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیے فیول ریلیف: وفاقی وزرا کی جماعت اسلامی کے وفد کو بریفنگ، لیاقت بلوچ نے حکومتی اعلامیہ مسترد کردیا
جماعت اسلامی نے 20 لیٹر پیٹرول پر وزیراعظم کے 100 روپے فی لیٹر ریلیف کے حالیہ اعلان کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے کا مطالبہ دہرایا ہے۔
جماعت اسلامی نے واضح کر رکھا ہے کہ اگر لیوی کو ختم نہ کیا گیا تو 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب ملک گیر مارچ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس وقت بھی پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں جماعت اسلامی کے دھرنے اور احتجاجی مظاہرے روزمرہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔














