وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے وزیراعلیٰ مریم نواز کو ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبے پر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جانا پنجاب کے 14 کروڑ عوام کے لیے اعزاز ہے۔
پریس کانفرنس میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اقوام متحدہ نے پنجاب حکومت کے اپنے وسائل سے شروع کیے گئے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبے کو عالمی سطح پر تسلیم کیا ہے، جو دنیا کے 5 بڑے ہاؤسنگ منصوبوں میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘ نے اقوام متحدہ کا بڑا اعزاز جیت لیا
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت اب تک 2 لاکھ 2 ہزار 913 گھروں کی تعمیر شروع ہوچکی ہے، جن میں سے ایک لاکھ 18 ہزار 88 گھر مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 53 ہزار 233 گھروں پر کام جاری ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا آئندہ 5 برس میں 5 لاکھ افراد کو اپنی چھت فراہم کرنے کا ہدف ہے۔ ان کے مطابق ’اپنی چھت اپنا گھر‘ اور ’ستھرا پنجاب‘ جیسے منصوبوں سے پنجاب حکومت کی عوامی خدمت اور گورننس نمایاں ہوئی ہے۔














