پاکستان ترکیہ تعلقات، مشترکہ کمیشن اور اسٹریٹجک تعاون کونسل کی تیاریوں پر تبادلہ خیال

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ کے سفیر عرفان نذیرو اولو نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ترک سفیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد مختلف دوطرفہ ادارہ جاتی طریقہ کار کے تحت ہونے والی پیش رفت سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کو آئندہ مشترکہ کمیشن اور اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے 8ویں اجلاس کی تیاریوں کے لیے قریبی رابطہ کاری کرنا ہوگی تاکہ دوطرفہ ایجنڈے پر مزید پیش رفت ممکن بنائی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کے حل اور خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل راستہ ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp