وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ایرانی شہری کو مبینہ طور پر پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کے معاملے میں نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضیاء الحق آرائیں کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم پر ایرانی شہری محمد اکبر کا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ پراسیس کرنے میں کردار ادا کرنے کا الزام ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق مقدمہ نمبر 273/2026 میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے بعد نادرا میگا، سائمنز چورنگی کراچی برانچ میں سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) کی حیثیت سے تعینات رہنے والے ضیاء الحق آرائیں کو مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
قطری سفر کے دوران2 مسافروں کی شہریت مشکوک نکلی
ایف آئی اے کے مطابق اس مقدمے کا آغاز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر 2 مسافروں کو روکنے کے واقعے سے ہوا، جو پاکستانی پاسپورٹس پر قطر جانے کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:ایف آئی اے کی کارروائی، پاکستانیوں کو غیرقانونی طریقے سے لیبیا بھیجنے والا انسانی اسمگلر گرفتار
امیگریشن کلیئرنس کے دوران دونوں مسافروں کی پاکستانی شہریت سے متعلق شکوک و شبہات پیدا ہوئے، جس پر امیگریشن حکام نے انہیں روک کر ابتدائی پوچھ گچھ کی۔
دورانِ تفتیش دونوں مسافروں نے انکشاف کیا کہ وہ پیدائشی طور پر ایرانی شہری ہیں اور انہوں نے رقم کے عوض غیر قانونی ذرائع استعمال کرتے ہوئے پاکستانی شناختی دستاویزات حاصل کی تھیں۔
ایرانی شہری محمد اکبر کا شناختی کارڈ پراسیس کرنے کا الزام
ایف آئی اے حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کے دوران ایرانی شہری محمد اکبر کا پاکستانی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) پراسیس کرنے میں نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ضیاء الحق آرائیں کا کردار سامنے آیا۔
اس انکشاف کے بعد ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے سابق نادرا افسر کو گرفتار کر لیا، تاکہ شناختی دستاویزات کے غیر قانونی اجرا میں ان کے مبینہ کردار کی مزید چھان بین کی جا سکے۔
نادرا ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ شروع
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کے کردار، متعلقہ دستاویزات اور نادرا کے ریکارڈ کی تفصیلی تصدیق کی جا رہی ہے۔
تحقیقاتی ادارے نے معاملے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لینے کے ساتھ اس مبینہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افسران، ایجنٹس اور سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں:بجلی چوروں اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصرکے خلاف ایف آئی اے سرگرم
حکام اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ غیر ملکی شہریوں کو پاکستانی شناختی دستاویزات فراہم کرنے کے عمل میں مزید کون سے افراد ملوث ہو سکتے ہیں۔
غیر قانونی شناختی دستاویزات کے اجرا کے خلاف کارروائیاں جاری
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے مطابق غیر قانونی طور پر قومی شناختی دستاویزات جاری کرنے اور غیر ملکی شہریوں کو پاکستانی شناخت فراہم کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ اس نوعیت کے معاملات میں ملوث افراد، سرکاری اہلکاروں، ایجنٹس اور سہولت کاروں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔











