فیفا نے آذربائیجان میں ہونے والے انڈر 15 ورلڈ کپ اور فیسٹیول 2026 کے لیے پاکستان کے میچز کے شیڈول کی تصدیق کردی ہے، پاکستان گروپ اے ڈی میں قبرص، گیمبیا، اردن، نائجیریا اور جنوبی سوڈان کے ساتھ شامل ہے۔
پاکستان انڈر 15 ٹیم ایونٹ کے کوالیفائنگ مرحلے میں 5 میچ کھیلے گی اور تمام میچز 3 دن کے دوران ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان فٹبال کے لیے نئی تاریخ، قومی ٹیم کو پہلے فیفا آسیان کپ کا بلاوا
پاکستان اپنی مہم کا آغاز 24 اکتوبر کو گیمبیا کے خلاف کرے گا، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
قومی ٹیم 25 اکتوبر کو 2 میچ کھیلے گی۔ پہلے میچ میں پاکستان کا مقابلہ جنوبی سوڈان سے دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر ہوگا، جبکہ اسی روز رات ساڑھے 8 بجے قبرص کے خلاف میدان میں اترے گا۔
پاکستان 26 اکتوبر کو بھی 2 میچ کھیلے گا، پہلے میچ میں اردن کے خلاف دوپہر ساڑھے 12 بجے جبکہ دوسرے میچ میں نائجیریا کے خلاف شام 7 بج کر 15 منٹ پر مقابلہ ہوگا۔
فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اور فیسٹیول 2026 میں 2011 یا 2012 میں پیدا ہونے والے کھلاڑی حصہ لے سکیں گے، جبکہ ایونٹ میں 3 ہزار سے زائد نوجوان کھلاڑیوں، کوچز اور عہدیداروں کی شرکت متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیوکاسل یونائیٹڈ کے سابق اسٹار ’نولبرٹو سولانو‘ پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر
مقابلوں کے لیے 68 میٹر بائی 47 میٹر کے میدان استعمال ہوں گے، جن میں 7.32 میٹر بائی 2.44 میٹر کے مکمل سائز کے گول ہوں گے۔
ایونٹ کو 2 مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ٹیمیں گروپس میں کوالیفائنگ میچز کھیلیں گی، جہاں ہر ٹیم 4 سے 5 میچز کھیلے گی۔ اس مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر ٹیموں کی اگلے مرحلے کے لیے درجہ بندی ہوگی۔
دوسرے مرحلے میں ٹیموں کو کارکردگی کی بنیاد پر 6 درجوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر ٹیم اپنے درجے کے مطابق مزید 4 سے 5 میچز کھیلے گی۔
اس فارمیٹ کے تحت کوئی بھی ٹیم ابتدائی مرحلے میں باہر نہیں ہوگی اور تمام ٹیموں کو آخری دن تک مقابلے میں رہنے کا موقع ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت ایک بار پھر کیوں معطل کردی؟
تمام 6 درجوں میں فاتح ٹیم کا اعلان کیا جائے گا، تاہم ٹائر اے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اور فیسٹیول 2026 کا چیمپئن قرار دیا جائے گا۔
فیفا نے متوازن گروپس اور مسابقتی میچز کے لیے ایونٹ سے قبل درجہ بندی کا نظام بھی استعمال کیا ہے، جس میں سینئر قومی ٹیم کی کارکردگی کے ساتھ نوجوانوں کی حالیہ بین الاقوامی شرکت اور نتائج کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
کوالیفائنگ مرحلہ 24 سے 26 اکتوبر تک جاری رہے گا، 27 اکتوبر کو آرام کا دن ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ مرحلہ 28 سے 30 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ ٹائر فائنلز اور اختتامی تقریب 30 اکتوبر کو ہوگی۔














