وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم اور پاک سعودی یکجہتی کونسل نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے لیے جانیں قربان کرنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق محض سیاسی یا حکومتی نہیں بلکہ مقدس اور روحانی رشتہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک سعودی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ کل جماعتی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مزید پڑھیں: سعودیہ کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، پاکستان کا حوثی حملوں پر سعودی عرب سے اظہار یکجہتی
کانفرنس سے جمعیت علما اسلام کے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری، جمعیت علما پاکستان کے صاحبزادہ شاہ اویس نورانی، سیکریٹری جنرل پاک سعودی یکجہتی کونسل مولانا فضل الرحمان خلیل، صدر جماعت اہل سنت مولانا اورنگزیب فاروقی نے خطاب کیا۔
’حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہر مسلمان اپنی جان نچھاور کرنے کو تیار ہے۔ سعودی عرب کی داخلی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘
کل جماعتی تحفظِ حرمین شریفین کانفرنس میں شرکا کا اظہارِ خیال pic.twitter.com/61J9Q9wtdw— WE News (@WENewsPk) September 19, 2026
اس کے علاوہ آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبر پیر مظہر سعید شاہ، نائب امیر یکجہتی کونسل مولانا علی محمد ابو تراب، پروفیسر سجاد قمر، مولانا عتیق الرحمان شاہ کاشمیری، جمعیت علما اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق، پیر چراغ الدین شاہ اور قاری محبوب الرحمان بھی خطاب کرنے والوں میں شامل تھے۔
کانفرنس میں مولانا طیب الرحمان شاہ، مولانا عطا دیشانی، مولانا منظور، جمیل الرحمان فاروقی، مولانا عبدالرحمان معاویہ، مولانا عبدالکریم اور مولانا ہارون الرشید سمیت مذہبی و سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ کل جماعتی تحفظ حرمین شریفین کانفرنس نے پوری قوم کو یہ پیغام دیا ہے کہ حرمین شریفین پر حملہ ہوا تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر کا بیان پوری قوم کی ترجمانی ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہاکہ پاک سعودی یکجہتی کونسل عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی ترجمانی کر رہی ہے، جبکہ حرمین شریفین کا تحفظ ہم سب کے ایمان کا حصہ ہے۔ دنیا میں جہاں بھی مسلمانوں پر حملہ ہوا، پاکستان نے اس کی مذمت کی۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ ہم سعودی عرب کے شانہ بشانہ ہیں اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سعودی عرب ہماری سرخ لکیر ہے اور ہم کسی کو اسے پار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
سرپرست پاک سعودی یکجہتی کونسل اور امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ پاک سعودی یکجہتی کونسل کی کانفرنس میں تمام جماعتیں ایک زبان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس حوثی باغیوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ پاکستان کے عوام اور علما حرمین شریفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہاکہ کچھ عرصہ قبل ایران پر حملہ ہوا تو ہم سب نے اس کی مذمت کی، ہم متفقہ طور پر اعلان کرتے ہیں کہ ہم سب سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ مکہ اور مدینہ ہمیں اپنی جانوں سے عزیز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فورسز کے ساتھ ساتھ پاکستان کے عوام بھی سعودی عرب جاکر لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے بقول یہود و ہنود اپنی پراکسیوں کے ذریعے ارض مقدس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہم ان کی ہر کوشش ناکام بنا دیں گے۔
آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبر پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ ہیں، حوثی فوری طور پر اپنے حملے بند کریں۔ آبنائے ہرمز، باب المندب اور تمام بحری راستے سب کے لیے کھولے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا بچہ بچہ سعودی عرب پر کٹ مرنے کے لیے تیار ہے۔
جمعیت علما پاکستان کے صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ ارض مقدس پر حملہ ہو اور ہم خاموش رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ سعودی عرب کی حکومت کا مسئلہ ہے، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم حرمین شریفین کے بھی ساتھ ہیں اور سعودی عرب کی حکومت کے بھی ساتھ ہیں۔
سیکریٹری جنرل پاک سعودی یکجہتی کونسل مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ پاک سعودی عرب دفاعی معاہدہ تاریخی معاہدہ ہے اور ہم اس معاہدے کی حفاظت اپنی جان دے کر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دس، بیس ہزار نہیں بلکہ پاکستان کی پوری عوام سعودی عرب اور حرمین پر کٹ مرنے کے لیے تیار ہیں۔
صدر جماعت اہل سنت مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ حرمین شریفین پر ہونے والے حملوں کے پیچھے کون ہے، اب یہ ڈھکا چھپا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے امریکا نے مسلمانوں کے ملکوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی، سعودی عرب نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور اب حوثیوں کے ذریعے حملہ کیا گیا۔
انہوں نے حملہ آوروں کی پشت پناہی کرنے والوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ باز آجائیں۔
مولانا عبدالحق ثانی نے کہا کہ حرمین شریفین کی طرف اٹھنے والی ہر آنکھ کو نکال دیں گے۔
مولانا علی محمد ابو تراب نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز، محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کی پشت پر ہیں۔
مزید پڑھیں: حوثیوں کا سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
پاک سعودی یکجہتی کونسل کے رہنما پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ پاکستان کے عوام، حکومت اور ریاست سعودی عرب کے ساتھ ہیں اور سعودی عرب پر ہلکی سی آنچ بھی نہیں آنے دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے نوجوان سعودی افواج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔














