لاہور کے بعد ملتان میں بھی کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا، عظمیٰ بخاری

اتوار 20 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاہور کے بعد اب ملتان میں بھی کینسر کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ کینسر کے علاج کے لیے مریضوں کو طویل انتظار اور لمبی تاریخوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملتان میں کینسر کے علاج کے لیے کوابلیشن اور کینسر سینٹر کا افتتاح کردیا ہے، جہاں ہر اسٹیج کے کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ ان کے مطابق کینسر کے مریض کا علاج صرف 60 منٹ میں مکمل ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کینسر سینٹر کا قیام مریم نواز کا پنجاب میں صحت کے شعبے میں سب سے بڑا انقلابی اقدام ہے۔ لاہور میں پاکستان کا سب سے بڑا ایک ہزار بستروں پر مشتمل نواز شریف کینسر ہسپتال بھی مکمل ہوچکا ہے، جو اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کے دورہ لندن کا تمام خرچ ان کی اپنی جیب سے ادا کیا گیا، عظمیٰ بخاری کی وضاحت

انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) دنیا میں پاکستان کی پہچان بنا، اسی طرح نواز شریف کینسر ہسپتال بھی دنیا میں پاکستان کی شناخت بنے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا کسی صوبائی حکومت سے کوئی مقابلہ یا موازنہ نہیں، جو لوگ کارکردگی میں ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے وہ ذاتی حملے کرکے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ ان کے بقول کچھ لوگوں کی سیاست ہی مریم نواز کے مرہون منت ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کو جدید ترین اور ترقی یافتہ صوبہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ در بدر ٹھوکریں کھانے کے بعد وفاق پر چڑھائی کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتیں بانی پی ٹی آئی کے گلے کا پہلے ہی طوق بنی ہوئی ہیں اور 27 ستمبر کو تیسری بغاوت کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp