وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پشاور میں رکن خیبر پختونخوا اسمبلی جلال خان کے دفتر کا افتتاح کردیا۔ سابق گورنر پنجاب اقبال ظفر جھگڑا اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا بہادر اور غیور عوام کی سرزمین ہے، جس پر ہمیں فخر ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ہمیشہ خیبر پختونخوا کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے روایات قائم کیں، اسلام آباد، پشاور موٹروے بھی مسلم لیگ ن کے دور میں تعمیر ہوئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، پنجاب میں قائم دانش سکولوں کی طرز پر خیبر پختونخوا میں بھی دانش سکول قائم کیے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کو جب بھی صوبے میں خدمت کا موقع ملا، نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان، لیپ ٹاپ، سکول، کالجز، اسپتال اور جامعات قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ 14 برس کے دوران خیبر پختونخوا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور صوبے میں خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں کیے۔ کوہاٹ اور ہنگو میں صورتحال خراب ہے جبکہ صوبائی حکومت کے ذمہ داران سوشل میڈیا پر ٹک ٹاک بنانے میں مصروف ہیں۔
ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی، تعمیرِ پاکستان کے عزم کی علامت ہے۔ جہاں سے پاکستان کے قیام کا اعلان ہوا، اس قومی ورثہ کو جلانے والے انتشاریوں کو ہمارا جواب تعمیر اور ترقی ہے۔ 9 مئی کی تباہی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کی دوبارہ تعمیر کا حکم دیا تھا جو… pic.twitter.com/noB8j8NC2d
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) September 23, 2026
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ٹک ٹاک کی سیاست کے بجائے عوام کے درمیان رہنے کو ترجیح دی۔ میں نے پشاور پریس کلب کا دورہ کیا، صحافیوں سے ملاقاتیں کیں، شہدا کے گھروں میں گیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ سیاست کا مطلب عوام کے درمیان رہنا اور ان کے مسائل سمجھنا ہے، محض سوشل میڈیا پر سرگرمیاں دکھانا سیاست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی مسلم لیگ ن کو خیبر پختونخوا، بالخصوص پشاور میں لاوارث نہ سمجھے، پارٹی کارکن اور رہنما عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سیاست کرنی ہے تو سیاسی میدان میں کی جائے اور مقابلہ کیا جائے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی میں فیصلہ ساز کون، حکومت کس سے بات کرے؟ وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے سوال اٹھا دیا
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو بتایا جائے کہ گزشتہ ساڑھے 14 برس میں صوبے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔ مسلم لیگ ن آئندہ بھی خیبر پختونخوا آتی رہے گی اور کارکنوں و ساتھیوں کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل پر بات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات، ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویژن اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کو مزید فعال بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
عطا اللہ تارڑ نے امیر مقام کی طبیعت کی خرابی پر ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن میں بہت صلاحیت اور قوت موجود ہے، اس وقت اسٹیج پر موجود قیادت کا ہر فرد سو افراد کے برابر ہے۔














