ایشین گیمز: پاکستان کے 2 اسکواش کھلاڑی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے، کبڈی ٹیم کو پہلی شکست

بدھ 23 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جاپان میں جاری ایشین گیمز میں پاکستان کے اسکواش کھلاڑیوں نور زمان اور محمد اصحاب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مینز سنگلز کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، تاہم کبڈی ٹیم کو ایونٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کے نمبر 1 اسکواش کھلاڑی نور زمان نے فلپائن کے وان ایرو ڈالیڈا کو 20 منٹ میں 2 کے مقابلے میں 11، 4 کے مقابلے میں 11 اور 3 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ عالمی اسکواش درجہ بندی میں 29 ویں نمبر پر موجود نور زمان کا اگلا مقابلہ جمعرات کو عمار التمیمی سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز میں بھارت سے سامنا ہوا تو بھرپور مقابلہ کریں گے، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن

22 سالہ محمد اصحاب نے لبنان کے جیسن کرم کو صرف 18 منٹ میں 2 کے مقابلے میں 11، 3 کے مقابلے میں 11 اور 0 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس سے شکست دی۔ عالمی درجہ بندی میں 49 ویں نمبر پر موجود اصحاب کا پری کوارٹر فائنل میں سعودی عرب کے محمد النفسان سے مقابلہ ہوگا۔

خواتین کے مقابلوں میں پاکستان کی دونوں کھلاڑی پری کوارٹر فائنل میں جگہ نہ بنا سکیں۔ 13 سالہ مہنور علی کو سنگاپور کی وائی یان او یونگ نے 23 منٹ میں 9 کے مقابلے میں 11، 3 کے مقابلے میں 11 اور 8 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس سے شکست دی۔

20 سالہ ثنا بہادر کو ایران کی نجمیہ بوشہریزادہ نے سخت مقابلے کے بعد 35 منٹ میں 9 کے مقابلے میں 11، 11 کے مقابلے میں 6، 12 کے مقابلے میں 10، 11 کے مقابلے میں 8 اور 11 کے مقابلے میں 6 پوائنٹس سے شکست دی۔

اس سے قبل پاکستان کے عاصم خان اور مہوش علی نے نیپال کے ارہنت سنگھا اور بیپنا بھلون کو 19 منٹ میں 6 کے مقابلے میں 11 اور 10 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس سے شکست دے کر مکسڈ ڈبلز کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔

دوسری جانب پاکستان کی کبڈی ٹیم کو ایشین گیمز میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گروپ بی کے میچ میں تھائی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں 45 کے مقابلے میں 48 پوائنٹس سے شکست دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: مرد کا روپ دھار کر سائیکلنگ کرنے والی افغان خاتون نے ایشین گیمز میں سلور میڈل جیت لیا

پاکستان نے پہلے ہاف میں 16 کے مقابلے میں 23 پوائنٹس کی برتری حاصل کر رکھی تھی، تاہم تھائی لینڈ نے دوسرے ہاف میں شاندار واپسی کرتے ہوئے 22 کے مقابلے میں 32 پوائنٹس حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی۔

تھائی لینڈ کی دفاعی کارکردگی فیصلہ کن ثابت ہوئی اور اس نے دوسرے ہاف میں پاکستان کو 8 مرتبہ آل آؤٹ کیا، جبکہ تھائی لینڈ نے 4 سپر ٹیکل پوائنٹس حاصل کیے اور پاکستان کو 3 سپر ٹیکل پوائنٹس ملے۔

پاکستان نے ایشین گیمز میں اپنے ابتدائی 2 میچز جیتے تھے۔ قومی ٹیم اب جمعرات کو گروپ کے آخری میچ میں ایران کا مقابلہ کرے گی۔

سوئمنگ میں پاکستان کی حریم ملک خواتین کی 100 میٹر بریسٹ اسٹروک کی ہیٹ میں آخری نمبر پر رہیں۔ انہوں نے فاصلہ 1 منٹ 21.12 سیکنڈ میں مکمل کیا اور مجموعی طور پر 25 کھلاڑیوں میں 22 ویں پوزیشن حاصل کی۔

ٹیبل ٹینس میں بھی پاکستان کو کامیابی نہ مل سکی۔ مینز ڈبلز میں عباس خان اور محمد خان کو ایران کے نوشاد عالمیاں اور نیما عالمیاں نے 4 کے مقابلے میں 11، 5 کے مقابلے میں 11 اور 2 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس سے شکست دی۔

طحہ بلال اور عبدل خان کو بحرین کے محمد علائی اور سید محفوظ نے 4 کے مقابلے میں 11، 6 کے مقابلے میں 11 اور 9 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس سے ہرایا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی کوریا کی ویٹ لفٹر نے 3 عالمی ریکارڈ قائم کرکے ایشین گیمز کا طلائی تمغہ جیت لیا

خواتین کے سنگلز میں پاکستان کی کلثوم خان کو شام کی ہند ظاظہ نے 3 کے مقابلے میں 11، 3 کے مقابلے میں 11، 2 کے مقابلے میں 11 اور 6 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس سے شکست دی۔

فینسنگ میں بھی پاکستان کی کامیابی کا سلسلہ شروع نہ ہوسکا۔ محمد اعجاز نعمان نے مینز سیبر کے انفرادی مقابلوں میں اپنے تمام 5 مقابلے ہارے۔ انہیں ایران کے سید علی اسماعیل زادہ پاکدامن اور کویت کے محمد عبد الکریم نے 0 کے مقابلے میں 5 سے شکست دی۔

محمد اعجاز نعمان کو ویتنام کے شوان لوئی نگوین نے 1 کے مقابلے میں 5، چین کے شاؤتونگ لو نے 0 کے مقابلے میں 5 اور فلپائن کے ڈینیئل یونس ولا نوئیوا نے 1 کے مقابلے میں 5 سے شکست دی۔

گھڑ سواری کے انفرادی ایونٹنگ مقابلے میں پاکستان کے عثمان خان نے مجموعی طور پر 55.90 پینلٹی اسکور کے ساتھ 16 ویں پوزیشن حاصل کی۔ کراس کنٹری مرحلے میں انہوں نے کوئی جمپنگ پینلٹی نہیں لی، تاہم مقررہ وقت سے زیادہ وقت لینے پر 11.20 ٹائم پینلٹیز کا سامنا کرنا پڑا۔

روئنگ میں پاکستان کے اسد اقبال لائٹ ویٹ مینز سنگل اسکلز کے فائنل اے میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے 2000 میٹر کا فاصلہ 7 منٹ 43.54 سیکنڈ میں مکمل کرکے اپنی ہیٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ وہ تیسرے نمبر پر آنے والے قازقستان کے ارٹیم ماتوسیویچ سے تقریباً 11 سیکنڈ پیچھے رہے۔

اسد اقبال اب جمعرات کو فائنل بی میں حصہ لیں گے، جہاں 7 ویں سے 12 ویں پوزیشنوں کا فیصلہ ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp