انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کے روز بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی بہتری (0.01 فیصد) کا سلسلہ برقرار رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ’ایک پیسہ بھی بہت ہے‘: امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جاری
کاروباری دن کے اختتام پر مقامی کرنسی 277.17 روپے پر بند ہوئی، جس سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.03 روپے (3 پیسے) کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے قبل بدھ کے روز روپیہ 277.20 روپے کی سطح پر بند ہوا تھا۔
عالمی مارکیٹ اور معاشی صورتحال
عالمی سطح پر جمعرات کو مضبوط مینوفیکچرنگ اعداد و شمار اور شرح سود میں اضافے کے امکانات کے باعث امریکی ڈالر دو ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب مستحکم رہا جبکہ ڈالر انڈیکس 101.1 کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔
عالمی کرنسیاں
ڈالر کی مضبوطی کے باعث یورپی کرنسی یورو گر کر 2 ماہ کی کم ترین سطح 1.1378 ڈالر پر آ گئی جبکہ برطانوی پاؤنڈ 3 ماہ کی کم ترین سطح 1.3231 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔
بانڈ ییلڈ اور شرح سود کا امکان
امریکا میں 5 سالہ ٹریژری بانڈز کی ییلڈ 2007ء کے بعد پہلی بار 5 فیصد سے تجاوز کر گئی۔ سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق، تاجروں کی جانب سے اکتوبر میں امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کا امکان 70 فیصد ظاہر کیا جا رہا ہے، جو ایک ہفتہ قبل 50 فیصد تھا۔
خام تیل کی قیمتیں
بدھ کے روز ایران کے صدر کے بیان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ڈیزل کی برآمدات پر پابندی کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد اضافہ ہوا تھا تاہم جمعرات کے روز سفارتی حل کی امیدوں پر قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی۔
مزید پڑھیے: خراماں خراماں: روپے کی قدر مسلسل مضبوطی کی سمت گامزن، جانیے یہ سلسلہ کب سے جاری ہے؟
برینٹ کروڈ 92 سینٹس (0.9 فیصد) کی کمی کے ساتھ 102.16 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈی 77 سینٹس (0.8 فیصد) گر کر 91.39 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔














