ٹوکیو فاؤنڈیشن کا بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کو کتابوں کا تحفہ

جمعرات 24 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جاپان کی ٹوکیو فاؤنڈیشن نے بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کو جاپان سے متعلق تقریباً 100 کتابوں کا تحفہ دیا ہے، جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے کتابیں یونیورسٹی کے حوالے کیں، جبکہ دورے کے دوران بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل عابد حمید سے مزید تعاون کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: امن کا پیغام ایک بار پھر ٹیکسلا سے بلند ہونا چاہیے، جاپانی راہب جونسی تیراساوا

جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل عابد حمید سے ملاقات کے دوران مزید تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا، بعد ازاں انہوں نے ‘ریڈ جاپان پراجیکٹ’ کے تحت بحریہ یونیورسٹی کو تقریباً 100 کتابیں پیش کیں۔

جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے 24 ستمبر کو بحریہ یونیورسٹی کے اسلام آباد کیمپس کا پہلی مرتبہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے ریکٹر کے کمرے میں یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل عابد حمید سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

 

بعد ازاں ہونے والی کتابوں کی حوالگی کی تقریب میں جاپانی سفیر نے ‘ریڈ جاپان پراجیکٹ’ کے تحت مختلف موضوعات پر مشتمل کتابیں بحریہ یونیورسٹی کے حوالے کیں۔ یہ منصوبہ نیپون فاؤنڈیشن نے 2008 میں شروع کیا تھا اور اس وقت ٹوکیو فاؤنڈیشن اس کا انتظام کر رہی ہے، جس کا مقصد ادب کے ذریعے دنیا بھر میں جاپان کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینا ہے۔

بحریہ یونیورسٹی کی جانب سے منتخب کی گئی کتابیں انگریزی زبان میں ہیں، جن میں جاپان کی تاریخ، سیاست، معیشت، سیکیورٹی، بین الاقوامی تعلقات، فلسفہ، ادب، زبان اور ثقافت سمیت مختلف موضوعات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور جاپان میں سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کے لیے گرانٹ معاہدہ

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کتابیں ‘علم کے پل’ کا کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بحریہ یونیورسٹی کے طلبہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور جاپان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں نئی نسل کے پل کا کردار ادا کریں گے۔

جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں جاپان کے حوالے سے دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اگلے سال پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے تناظر میں امید ظاہر کی کہ یہ کتابیں پاکستانی طلبہ کو جاپان کی ثقافت، معاشرے اور سماجی و معاشی ترقی کو سمجھنے میں مدد دیں گی۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ جاپان کے طویل مدتی معاشی تعاون کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جاپان نے ہمیشہ تعلیم اور خودمختاری کے احترام کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کے فروغ سمیت تعاون پر بحریہ یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔

بحریہ یونیورسٹی کی جانب سے اسلام آباد کیمپس کے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل نعیم سرور نے نیپون فاؤنڈیشن اور جاپان کے سفارتخانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کتابوں کا یہ عطیہ طلبہ کو جاپان کے بارے میں جاننے میں مدد دے گا، جس سے پاکستان اور جاپان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان نے پاکستانی اساتذہ کے لیے ٹریننگ اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کر دیا

‘ریڈ جاپان پراجیکٹ’ کا آغاز نیپون فاؤنڈیشن نے 2008 میں کیا تھا، جس کے تحت دنیا بھر کے تحقیقی اداروں، جامعات اور کتب خانوں کو جاپان سے متعلق انگریزی زبان میں کتابیں عطیہ کی جاتی ہیں تاکہ جاپان کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی اور سمجھ بوجھ کو فروغ دیا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp