بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع کے لیے ہمیشہ تیار ہے، افغانستان غلط فہمی سے نکل کر اصل حقائق کو سمجھے اور جنگ و دیگر ممالک کے مفادات کے بجائے ایک اچھے ہمسائے کی طرح پاکستان کے ساتھ رہے۔
اپنے بیان میں میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے، اسے اپنے ملک کو ایک نئی جنگ میں دھکیلنے سے گریز کرنا چاہیے اور اپنے عوام کو بھی جنگ کے عذاب سے نکالنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان اس غلط فہمی میں ہے کہ اس نے سوویت یونین کو شکست دی، حالانکہ اس جنگ میں کئی قوتیں شامل تھیں۔ ان کے مطابق اسی طرح امریکا بھی شکست کی وجہ سے نہیں بلکہ افغان طالبان کے ساتھ باہمی رضامندی سے افغانستان سے نکلا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان میں امن کے لیے سخت فیصلے، ہر دہشتگرد کا پیچھا کیا جائے گا، میر ضیا لانگو
وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ افغانستان اب اس غلط فہمی میں ہے کہ وہ بڑی طاقت بن چکا ہے اور بھارت و اسرائیل کے پیسوں کے زور پر پاکستان سے لڑنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے جہاں لاکھوں علما ملک کی سلامتی کے لیے دعائیں کرتے ہیں، جبکہ پاکستان کی فوج سرحدوں پر دفاع کے لیے تیار ہے۔
میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی نظر سے دیکھا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو گزشتہ 40 سال کے دوران جنگ سے اپنے عوام کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان خوش فہمی میں مبتلا ہوکر اپنے ملک کو ایک نئی جنگ میں نہ ڈالے، اگر افغانستان پاکستان کے ساتھ لڑے گا تو شکست اس کا مقدر ہوگی۔














