بھارت نے پانی سے چھیڑ چھاڑ کی تو جنگ ہوگی، بھرپور جواب دیں گے، خواجہ آصف

ہفتہ 26 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی سے چھیڑ چھاڑ کی کوئی کوشش جنگ کا اعلان ہوگی اور اگر ایسا ہوا تو پاکستان اپنے پاس موجود تمام وسائل کے ساتھ بھرپور جواب دے گا۔

نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ خطے میں امن کی ہمیشہ امید اور دعا کرنی چاہیے، کیونکہ پاکستان اور خطے کی حکمرانی، ترقی اور انسانی بہبود امن ہی سے ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آج واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سرحد سے چھیڑ چھاڑ جنگ کا اعلان ہوگی، اسی طرح پاکستان کے پانی سے چھیڑ چھاڑ بھی جنگ کا اعلان تصور کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد کو ’سومنات‘ بنانے کا دعویٰ کرنے والا 24 گھنٹے گزرنے سے پہلے ہی بھاگ نکلا، خواجہ آصف

بھارت کے ساتھ پانی کے تنازع سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی نئی بات نہیں، پاکستان کو جو کچھ کرنا چاہیے، وہ کرے گا اور کسی بھی کوشش کا اپنے تمام دستیاب وسائل کے ساتھ بھرپور جواب دے گا۔

خواجہ آصف سے ایران کے حوالے سے ہونے والی ملاقات اور پاکستان کے دفاعی معاہدے سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی ایران کی جانب سے کوئی تحفظات ظاہر کیے گئے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ اگر معاہدہ فعال ہوتا ہے تو پاکستان اس عہد کا پابند ہے جو اس نے کیا ہے اور وہ اس کی پاسداری کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp