ترقی پذیر ممالک کے لیے ٹھوس نتائج، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کی مکمل حمایت کرتے ہیں، شہباز شریف

ہفتہ 26 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی قدرتی آفات، خوراک اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے، ایسے میں گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو بروقت اقدام ہے۔

گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو پر اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ترقی پذیر ممالک کے لیے ٹھوس اور عملی نتائج کے حصول میں تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ کثیرالجہتی تعاون کے ذریعے ترقی پذیر دنیا کو حقیقی فوائد پہنچائے جا سکتے ہیں۔ پاکستان 2030 کے ایجنڈے پر پیش رفت تیز کرنے کے لیے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کو اہم سمجھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:افغان سرزمین سے دہشتگردی ختم کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، اسحاق ڈارکا ای سی او کونسل سے خطاب

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور اس کے اہم منصوبے پاک چین اقتصادی راہداری کے ذریعے بھی ترقی اور تعاون کے عمل کو آگے بڑھا رہا ہے۔ 2030 کی جانب پیش رفت کے ساتھ پاکستان تمام شراکت داروں کے ساتھ تعاون مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کامیاب منصوبوں کو بڑے پیمانے پر وسعت دینے اور تعاون کے نئے اور اختراعی شعبوں کی نشاندہی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عالمی ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے 2030 ایجنڈے پر عمل درآمد تیز کرنے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گلوبل گورننس انیشیٹو عالمی حکمرانی کے لیے زیادہ نمائندہ نظام کی تشکیل کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کو اقوام متحدہ کے ترقیاتی ستون اور زمینی سطح پر نتائج دینے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کا وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ جلد آزاد کشمیر کے دورے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اور گروپ آف فرینڈز کے دیگر رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے تاکہ انسانیت کے مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کے تصور کو آگے بڑھایا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp