نواز شریف کا وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ جلد آزاد کشمیر کے دورے کا اعلان

ہفتہ 26 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی کو ٹیلی فون کر کے منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا صدرِ آزاد کشمیر منتخب ہونا خطے کے لیے ’نیک فال‘ ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب صدر، وزیراعظم اور حکومتی اتحاد کے دیگر اراکین ایک ٹیم کے طور پر کام کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے سفر کو تیز کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے آزاد کشمیر کے نو منتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی کون ہیں؟

مسلم لیگ (ن) کے قائد نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا، ’میں جلد ہی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ آزاد کشمیر کا دورہ کروں گا تاکہ وہاں کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور ترقیاتی منصوبوں و عوامی وعدوں پر پیشرفت کا براہِ راست معائنہ کیا جا سکے۔‘

اس موقع پر نو منتخب صدرِ آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قائد ن لیگ کو یقین دلایا کہ آزاد کشمیر حکومت ان کے وژن اور رہنمائی کی روشنی میں خطے کی تعمیر و ترقی اور عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کی ترویج و تکمیل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی اور کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp