تھروواننت پورم میں ویرات کوہلی کے ناقابلِ شکست 139 اور کپتان شبمن گل کے 110 رنز کی بدولت بھارت نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
بھارت نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے ملنے والا 296 رنز کا ہدف 50 گیندیں قبل محض 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
اس فتح کو 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارتی ٹیم کی تیاریوں کے ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اننگز کے آغاز میں روہت شرما نے 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر شبمن گل کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 74 رنز جوڑے۔
یہ بھی پڑھیں:ایک روزہ ورلڈ کپ سے قبل اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کا اپنے کیریئر سے متعلق اہم اعلان
اس کے بعد 37 سالہ ویرات کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 88 گیندوں پر 9 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 139 رنز بنائے۔
کوہلی نے میچ کا اختتام ایک شاندار چھکا لگا کر کیا اور کپتان شبمن گل (110) کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 151 رنز کی شراکت قائم کی، جبکہ گل نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 10 ویں سنچری بھی مکمل کی۔
15 ہزار رنز کا سنگِ میل اور ون ڈے کرکٹ میں سینچریوں کا ریکارڈ
اس شاندار اننگز کے دوران ویرات کوہلی نے ونڈے کرکٹ میں 15 ہزار رنز کا ہدف بھی عبور کر لیا اور وہ سچن تنڈولکر کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے صرف دوسرے بلے باز بن گئے۔
کوہلی نے یہ کارنامہ اپنی 303 ویں ونڈے اننگز میں انجام دیا، جبکہ سچن تنڈولکر نے 15 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 377 اننگز کھیلی تھیں اور اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 18,426 رنز بنائے تھے۔
ویرات کوہلی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 55 سینچریاں بنانے والے بلے باز ہیں، جبکہ سچن تنڈولکر 49 سنچریوں کے ساتھ دوسرے اور روہت شرما 34 سینچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ اور ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد 37 سالہ کوہلی اور 39 سالہ روہت شرما اب صرف 50 اوورز کے فارمیٹ میں کھیل رہے ہیں اور ان کی نظریں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے 2027 ورلڈ کپ پر ہیں۔
گزشتہ ہفتے کے روز کوہلی نے براڈکاسٹر ’جیواسٹار‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 2027 کا ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔
ویسٹ انڈیز کی اننگز اور کلدیپ یادو کی شاندار بولنگ
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کے لیے جسٹن گریوز نے 101 رنز کی سینچری اننگز کھیلی اور بائیں ہاتھ کے بلے باز جان کیمبل (62 رنز) کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کی شراکت میں 135 رنز فراہم کیے۔
مزید پڑھیں:ویرات کوہلی پر الزامات لگانے کے لیے رقم کی پیشکش ہوئی، خاتون انفلوئنسر کا دعویٰ
تاہم بھارتی بائیں ہاتھ کے وِرسٹ اسپنر کلدیپ یادویو نے مڈل اوورز میں بہترین کم بیک کرتے ہوئے 40 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، جن میں ایک میڈن اوور بھی شامل تھا۔
کلدیپ نے مسلسل 2 گیندوں پر جسٹن گریوز اور جیول اینڈریو کو آؤٹ کیا، تاہم روسٹن چیز نے ان کی ہیٹ ٹرک کا موقع ناکام بنا دیا۔
بعد ازاں روسٹن چیز اور عامر جنگو نے چھٹی وکٹ کے لیے 52 رنز کی شراکت قائم کی، جہاں عامر جنگو 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے بدھ کے روز گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔














