جنوبی جرمنی میں میونخ کے معروف اوکٹوبر فیسٹ میں شرکت کے لیے جانے والے فلپائنی سیاحوں کی بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
جرمن پولیس کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح تقریباً 5 بج کر 41 منٹ پر پیش آیا، جب فلپائنی سیاحوں کو لے جانے والی بس اے 96 ہائی وے پر سڑک سے اتر کر الٹ گئی، حادثے میں کوئی دوسری گاڑی ملوث نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ میں خوفناک بس حادثہ، 40 افراد جاں بحق
بس میں 33 فلپائنی سیاح سوار تھے، جبکہ 2 اطالوی ڈرائیور بھی موجود تھے۔ دونوں ڈرائیور حادثے میں محفوظ رہے۔
پولیس نے ہلاک ہونے والے 2 افراد میں سے ایک کی شناخت 58 سالہ فلپائنی شہری کے طور پر کی ہے، جبکہ دوسرے مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
A bus carrying Filipino tourists from Milan to Munich overturned on Germany's A96 highway, leaving multiple casualties pic.twitter.com/tg9JkoUeOf
— Reuters (@Reuters) September 27, 2026
حادثے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک اور زندگی کے لیے خطرناک بتائی گئی۔
مزید 2 زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا، جبکہ دیگر 22 افراد کو ابتدائی طبی امداد جائے حادثہ پر فراہم کی گئی، جن میں سے بعض کو بعد ازاں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مقامی پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثے کے فوری بعد صورتحال انتہائی افراتفری کا شکار تھی اور مسافروں کی درست تعداد کی تصدیق میں پولیس کو کئی گھنٹے لگے۔
بس ڈرائیور کے خلاف غیر ارادی قتل کی تحقیقات
پولیس کے مطابق حادثے کے وقت بس چلانے والے ڈرائیور کے خلاف غفلت کے نتیجے میں ہلاکتوں کے الزام میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس ترجمان نے واضح کیا کہ ڈرائیور کے خلاف اس نوعیت کی قانونی کارروائی تحقیقات کا معمول کا حصہ ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی، استغاثہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ماہرین سے جائے حادثہ اور گاڑی کی تکنیکی جانچ پر مبنی رپورٹ تیار کرنے کو کہا ہے۔
مزید پڑھیں: ملائیشیا میں خوفناک بس حادثہ، یونیورسٹی کے 15 طلبا جاں بحق، 33 زخمی
حادثے کے بعد 200 سے زائد فائر فائٹرز، طبی عملے اور پولیس اہلکاروں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ ہائی وے کے ایک حصے کو کچھ دیر کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ٹریفک بحال کردی گئی۔
بس حادثات کا سلسلہ
یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ ہفتوں کے دوران یورپ میں متعدد بس حادثات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ستمبر کے اوائل میں سوئٹزرلینڈ میں ایک ڈچ سیاحتی بس حادثے کا شکار ہوئی تھی جس میں 5 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ جرمنی کی اے 3 ہائی وے پر پیش آنے والے ایک اور بس حادثے میں 30 افراد زخمی ہوئے تھے۔
اوکٹوبر فیسٹ میں لاکھوں افراد کی شرکت
میونخ کا اوکٹوبر فیسٹ دنیا کا سب سے بڑا بیئر فیسٹیول ہے، جس میں ہر سال لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں، تقریباً 2 ہفتے جاری رہنے والے اس میلے میں روایتی باویرین کھانے، موسیقی، تفریحی جھولوں اور بڑے بیئر ٹینٹس کے علاوہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے مختلف سرگرمیاں شامل ہوتی ہیں۔
اس سال اوکٹوبر فیسٹ 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاری ہے، منتظمین کے مطابق میلے کے نصف مرحلے تک تقریباً 38 لاکھ افراد شرکت کرچکے تھے، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں تقریباً 3 لاکھ زیادہ ہیں۔














