قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کامیاب ہوگئے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملک منیر اقبال چنڑ نے 87 ہزار 789 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار ولی داد چیمہ 39 ہزار 888 ووٹ لے سکے۔
حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہی۔ این اے 168 میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 83 ہزار 143 ووٹرز رجسٹرڈ تھے جبکہ 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک منیر اقبال چنڑ کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی عوام کے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار ہے۔ وزیراعظم نے ملک منیر اقبال چنڑ کے بھائی اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کو بھی مبارکباد دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک منیر اقبال چنڑ کے والد ملک محمد اقبال چنڑ نے قائد محمد نواز شریف کے ساتھ طویل عرصے تک پارٹی سے وفاداری نبھائی اور مسلم لیگ (ن) کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کے صاحبزادے کی کامیابی اسی وفاداری اور عوامی خدمت کے تسلسل کی عکاس ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہاولپور کے عوام نے جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کرکے اپنے نمائندے کا انتخاب کیا۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز عید ادا کی
این اے 168 کی نشست سابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ (ن) نے ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو امیدوار نامزد کیا تھا جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ہیں۔
کامیاب امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حلف اٹھاتے ہی سب سے پہلے بہاولپور صوبے کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حلقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔














