اسلام آباد، راولپنڈی میں علی الصبح سے موسلادھار بارش، رین ایمرجنسی نافذ

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں علی الصبح سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

مزید پڑھیں:ملک بھر میں موسلادھار بارش کا امکان، نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ

محکمہ موسمیات کے مطابق 28 ستمبر کو بارش کا سلسلہ صبح 3 بج کر 44 منٹ پر شروع ہوا۔ سیدپور ولیج میں 26 ملی میٹر، شمس آباد میں 23، پیرودھائی میں 23، گوالمنڈی میں 23، پی ایم ڈی ایچ-8/2 میں 21، بوکرا میں 17، گولڑہ کے قریب ای-11 میں 12، کچہری کے قریب چکلالہ میں 11 اور نیو کٹاریاں میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات کردی گئی ہے۔ واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور مختلف مقامات پر پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جبکہ اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے اضافی عملہ تعینات کردیا ہے۔

مزید پڑھیں:آزاد کشمیر میں کلاؤ برسٹ، موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی، 6 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں موجود موسمی نظام کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی سمیت بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp