ایشین گیمز: انتظامی بدنظمی پر پاکستانی والی بال ٹیم کے کپتان مراد جہاں برہم

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئیچی ناگویا ایشیائی کھیلوں (ایشین گیمز) میں انتظامی بدنظمی کی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب پاکستانی والی بال ٹیم کے کپتان مراد جہاں نے بھی ازبکستان کے خلاف پول ‘اے’ کے اہم میچ سے قبل اپنی ٹیم کو غلط اسٹیڈیم لے جانے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: !ایشین گیمز 2026: کھیل کم افراتفری زیادہ، جنوبی کوریا کے ساتھ تو حد ہی ہوگئی

پاکستانی کپتان مراد جہاں نے بس میں ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور اسے گیمز میں بدنظمی کا ایک اور واقعہ قرار دیا۔

غلط لوکیشن اور وقت کی کمی

مراد جہاں نے ویڈیو میں بتایا کہ ہمارا انتہائی اہم میچ ہے اور بس ڈرائیور کو یہی نہیں معلوم کہ ہمیں کس جمنیزیم جانا ہے۔ وہ غلط راستے پر چلتے ہوئے غلط اسٹیڈیم پہنچ گیا جس کے باعث ہمارے پاس وقت اب بہت کم رہ گیا ہے جو کہ ایک انتہائی شرمناک صورتحال ہے۔

چلتی بس میں کٹ کی تبدیلی

کپتان کے مطابق غلط راستے کی وجہ سے ٹیم کو میچ سے قبل پراپر وارم اپ کا وقت ہی نہیں مل سکا اور کھلاڑیوں کو چلتی بس میں ہی اپنا پلیئنگ کٹ تبدیل کرنی پڑا۔

مزید پڑھیے: ایشین گیمز ہاکی: پاکستان نے چین کو 0-3 سے شکست دے کر فتح کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی

مراد جہاں نے مزید انکشاف کیا کہ کھلاڑیوں کو یہاں صرف ٹرانسپورٹ ہی نہیں بلکہ دیگر مسائل کا بھی سامنا ہے اور پریکٹس سیشنز کے بعد اکثر ڈائننگ ایریا میں کھلاڑیوں کے لیے کھانا تک دستیاب نہیں ہوتا۔

میچ کا نتیجہ اور انتظامیہ کا مؤقف

تمام تر انتظامی بدنظمی کے باوجود اوکازاکی چوو سوگو پارک جمنیزیم پہنچنے پر پاکستانی والی بال ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ازبکستان کو 0-3 سے باآسانی شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کر لی۔

مزید پڑھیں: ڈوپنگ کیس: قومی پہلوان انعام بٹ نے پاکستان ریسلنگ فیڈریشن اور ایشین گیمز کے عہدے چھوڑ دیے

دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے رابطہ کرنے پر ایشین گیمز کے منتظمین نے فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا تاہم اس سے قبل ہفتے کے روز گیمز کے چیف آرگنائزر نے انتظامی خرابیوں پر معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اندازے سے زائد تقریباً 2,000 اضافی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی آمد کے باعث آپریشنل پلاننگ پر شدید دباؤ آیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp