پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی20 اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے علاوہ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کھیلی جائے گی، جس کے لیے آئندہ 12 بین الاقوامی میچز کے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا۔

پاکستان میں 9 اکتوبر سے 21 نومبر تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رکن اور نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر جیفری کرو ون ڈے ٹرائی سیریز کے تمام 7 میچز میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشلے نوفکی کا پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے الگ ہونے کا فیصلہ

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی، جیفری کرو نے اکتوبر 2004 میں فیصل آباد میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سے میچ ریفری کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے جیفری کرو رواں ماہ 350 ون ڈے میچز میں آفیشل کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے میچ ریفری بنے، جبکہ وہ 700 بین الاقوامی میچز میں میچ ریفری کی ذمہ داری انجام دینے والے دنیا کے دوسرے شخص بھی بن گئے ہیں۔

ون ڈے ٹرائی سیریز میں پاکستان کے احسن رضا اور بنگلہ دیش کے شرف الدولہ ابن شاہد، جو آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز کے ارکان ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے وین نائٹس، پاکستان کے آصف یعقوب، ناصر حسین، راشد ریاض وقار اور فیصل خان آفریدی امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

ٹرائی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مقابلے کے دوران وین نائٹس اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔ نائٹس کے ون ڈے میچز میں بطور امپائر تعداد 37 ہوجائے گی۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز نے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے دونوں اعزاز جیت لیے

سیریز کے آخری دو میچز میں احسن رضا آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔ لاہور میں سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں ان کے ہمراہ شرف الدولہ ابن شاہد ہوں گے، جبکہ فائنل میں احسن رضا اور وین نائٹس آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔

فیصل خان آفریدی، راشد ریاض اور ناصر حسین ٹرائی سیریز کے ایک، ایک میچ میں آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داری نبھائیں گے، جبکہ آصف یعقوب 2 میچز میں آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔

شرف الدولہ اور وین نائٹس ٹرائی سیریز کے دوران باری باری تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی آفیشلز مقرر

سری لنکا اور پاکستان کے درمیان راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جانے والی 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی ایمرجنگ میچ ریفریز گروپ کے رکن ڈین کوسکر پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچز میں میچ ریفری کی ذمہ داری انجام دیں گے۔

ڈین کوسکر نے اکتوبر 2024 میں میچ آفیشل کی حیثیت سے کیریئر شروع کیا تھا اور اب تک 16 ون ڈے، 17 ٹی ٹوئنٹی، 3 ویمنز ون ڈے اور 6 ویمنز ٹی20 میچز میں آفیشل کی ذمہ داری انجام دے چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز: نیکولس پورن کا 29 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا حیران کن اعلان

2 ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقہ کے ایڈریان ہولڈ اسٹاک اور اللہ الدین پالیکر جبکہ آسٹریلیا کے روڈنی ٹکر آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں ہولڈ اسٹاک اور روڈنی ٹکر آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں ہولڈ اسٹاک کے ساتھ اللہ الدین پالیکر امپائرنگ کریں گے۔

پہلے ٹیسٹ میں اللہ الدین پالیکر اور دوسرے ٹیسٹ میں روڈنی ٹکر تھرڈ امپائر ہوں گے۔ فیصل خان آفریدی پہلے جبکہ آصف یعقوب دوسرے ٹیسٹ میں فورتھ امپائر کی ذمہ داری انجام دیں گے۔

ٹی20 سیریز

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی20 میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، آئی سی سی انٹرنیشنل میچ ریفری علی نقوی تینوں میچز میں میچ ریفری ہوں گے، جبکہ پی سی بی نیشنل ایلیٹ پینل کے امپائر طارق رشید تینوں میچز میں فورتھ امپائر کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

9 اکتوبر کو پہلے ٹی20 میں راشد ریاض وقار اور ناصر حسین آن فیلڈ امپائرز جبکہ فیصل خان آفریدی تھرڈ امپائر ہوں گے۔

11 اکتوبر کو دوسرے ٹی20 میں فیصل خان آفریدی اور ناصر حسین آن فیلڈ امپائرز جبکہ راشد ریاض وقار تھرڈ امپائر ہوں گے۔

مزید پڑھیں: جے سوریا اور گلکرسٹ نے کرکٹ کو کیسے بدلا؟

13 اکتوبر کو تیسرے ٹی20 میں فیصل خان آفریدی اور راشد ریاض وقار آن فیلڈ امپائرز جبکہ ناصر حسین تھرڈ امپائر ہوں گے۔

اس کے علاوہ 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد کلب میں 3 روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا، جس میں احسن رضا اور عبدالمقیط آن فیلڈ امپائرز، ذوالفقار جان فورتھ امپائر اور کامران چوہدری میچ ریفری ہوں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp