نامکمل سفری دستاویزات پر سفر کی اجازت نہ دی جائے، محسن نقوی

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایئرپورٹ امیگریشن ٹیم کوہدایت کی ہے کہ نامکمل یا غیر تصدیق شدہ سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو سفر کی اجازت نہ دی جائے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ اور بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کے امیگریشن عمل کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات، پاک امریکا تعلقات اور علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ پر موجود مسافروں سے ملاقات کی اور ان سے امیگریشن کے طریقۂ کار اور دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

انہوں نے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات بھی چیک کیں اور ایف آئی اے حکام سے ان کی تصدیق کرائی۔

محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹرز پر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اضافی عملے کی تعیناتی سے مسافروں کی طویل قطاریں ختم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: محسن نقوی کا سادہ انداز، یو اے ای سے پاکستان واپسی پر عام مسافروں کے درمیان اکانومی کلاس میں سفر

انہوں نے ایئرپورٹ امیگریشن ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن شہزاد اکبر کی کارکردگی کی خصوصی طور پر تعریف کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مسافروں کو امیگریشن کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور انہیں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp