کیا ٹام کروز کی نئی فلم ’ڈگر‘ فلاپ ہوگئی؟ حیران کن ریٹنگ نے مداحوں کو بھی چونکا دیا

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کی نئی فلم ’ڈگر‘ ناقدین کو متاثر کرنے میں ناکام، فلم کی تشہیری مہم میں منفی جائزوں کو بھی نمایاں کردیا گیا

ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز کی نئی فلم ’ڈگر‘ ریلیز سے قبل ہی ناقدین کی مختلف آرا کے باعث خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ فلم کو معروف ریویو ویب سائٹ روٹن ٹماٹوز پر صرف 53 فیصد اسکور حاصل ہوا ہے۔

53 فیصد ریٹنگ کے ساتھ ’ڈگر‘ 2017 میں ریلیز ہونے والی ٹام کروز کی فلم ’دی ممی‘ کے بعد ان کی سب سے کم ریٹنگ حاصل کرنے والی فلم بن گئی ہے جبکہ یہ ہدایت کار الیخاندرو گونزالیز اِناریٹو کے کیریئر کی بھی کم ترین ریٹنگ والی فلم قرار دی جارہی ہے۔

فلم کو میٹا کریٹک پر بھی 100 میں سے صرف 44 اسکور ملا ہے تاہم فلم کی مارکیٹنگ ٹیم نے ان منفی جائزوں کو چھپانے کے بجائے انہیں اپنی نئی تشہیری مہم کا حصہ بنا لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹام کروز کی بیٹی نے اپنی شناخت بدل لی، اب کس نام سے جانی جائیں گی؟

فلم کے نئے اشتہار میں ناقدین کے مثبت اور منفی تبصروں کو ایک ساتھ پیش کیا گیا ہے جہاں ایک جانب فلم کو ’ناگوار‘ اور ’حیران کن‘ قرار دیا گیا وہیں دوسری جانب اسے ’شاہکار‘ اور ’شاندار‘ جیسے الفاظ سے بھی سراہا گیا۔ اشتہار کا مقصد بظاہر ناظرین کو یہ پیغام دینا ہے کہ فلم کے بارے میں ناقدین کی آرا اتنی مختلف ہیں کہ بہتر ہے کہ وہ خود فلم دیکھ کر فیصلہ کریں۔

فلم کی کہانی میں ٹام کروز ایک خود پسند تیل کے کاروباری شخص ڈگر راک ویل کا کردار ادا کر رہے ہیں جس کی کمپنی ایک تباہ کن ماحولیاتی بحران کا سبب بنتی ہے۔ فلم کے حوالے سے ناقدین کی رائے واضح طور پر منقسم دکھائی دیتی ہے۔ بعض ناقدین نے اسے حالیہ برسوں کی جرات مندانہ اور بصری اعتبار سے منفرد اسٹوڈیو فلموں میں شمار کیا جبکہ دیگر نے اس کی کہانی اور مجموعی پیشکش کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹام کروز اور آنا دی آرمس کا تعلق محض 9 ماہ بعد ہی ختم، کیا وجہ بنی؟

انڈی وائر کے ناقد جم ہیمفل نے ٹام کروز کی اداکاری کو ’میگنولیا‘ کے بعد ان کا بہترین کردار قرار دیا، جبکہ این تھامپسن نے فلم کو ’بہادر اور خوبصورت آرٹ فلم‘ قرار دیا تاہم ان کے مطابق یہ عام ناظرین کو متاثر کرنے میں مشکلات کا سامنا کر سکتی ہے۔

دوسری جانب بعض ناقدین نے فلم کے بلند عزائم اور ٹام کروز کی اداکاری کو سراہنے کے باوجود اس کی تکمیل پر تحفظات کا اظہار کیا۔ کچھ جائزوں میں فلم کو ’گڑبڑ‘ بھی قرار دیا گیا ہے۔

ٹام کروز کو گزشتہ برس اعزازی آسکر سے نوازا گیا تھا تاہم وہ اب تک مسابقتی آسکر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ ’ڈگر‘ میں ان کی پرفارمنس رواں ایوارڈ سیزن میں بھی توجہ کا مرکز بن سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp