پاکستان کی زیرِ صدارت شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کا پہلا سہ روزہ اجلاس اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے، جس میں تنظیم کے اہداف کے حصول اور عملی تعاون کے فروغ پر مکمل اتفاق کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 28 سے 30 ستمبر 2026 تک جاری رہنے والے اس اہم اجلاس کی صدارت پاکستان کے نیشنل کوآرڈینیٹر برائے ایس سی او نے کی۔
اجلاس میں رکن ممالک کے کوآرڈینیٹرز اور تنظیم کے سیکرٹریٹ کے اعلیٰ سطحی نمائندوں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے پاکستان کو ایسی بلندیوں پر پہنچا دیا جس کا تصور ممکن نہیں تھا، خواجہ آصف
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 3 روزہ نشست کے دوران پاکستان کی چیئرمین شپ میں طے شدہ سرگرمیوں، اہم منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت اور آئندہ اجلاسوں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
🔊PR No.2️⃣7️⃣0️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
First Meeting of SCO Council of National Coordinators (CNC), Under the Chairmanship of Pakistan, 28-30 September, 2026
🔗⬇️ pic.twitter.com/CDe4nbDwWD
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 30, 2026
اس موقع پر رکن ممالک کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ پاکستان کی زیرِ صدارت طے شدہ تھیم ’ویژن سے عمل تک: روابط، جدت اور مشترکہ خوشحالی‘ کے تحت ترجیحات پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اجلاس کے آخری روز 30 ستمبر 2026 کو شریک نیشنل کوآرڈینیٹرز نے وزارتِ خارجہ میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے خصوصی ملاقات کی۔
اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم نے تنظیم کی صدارت کے دوران پاکستان کی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ایس سی او کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر اور قریبی رابطے میں کام کرنے کے پختہ پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔
ثقافتی ورثے اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا جائزہ
طے شدہ شیڈول کے مطابق ایس سی او وفود اور نمائندوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے اور متنوع فنکارانہ روایات سے روشناس کرایا گیا۔
مزید پڑھیں:شنگھائی تعاون تنظیم کی علاقائی انسداد دہشتگردی کونسل کا اجلاس، ایران پر نئے فوجی حملوں کی مذمت
بعد ازاں، وفد نے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں 20 نومبر سے 2 دسمبر 2026 تک شیڈول ’ایس سی او ہاکی ٹورنامنٹ‘ کے انتظامات اور پاکستان کی میزبانی میں جاری بھرپور تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
یہ اجلاس 27-2026 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ (سی ایچ ایس) کی پاکستانی صدارت کا حصہ ہے، جو علاقائی سلامتی اور معاشی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر باہمی رضامندی سے طے پانے والے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ تمام شریک نیشنل کوآرڈینیٹرز نے تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے اور مسلسل روابط کے ذریعے خطے میں امن و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم دہرایا۔














