معروف اداکار احد رضا میر کا بڑا فیصلہ، شوبز سے بریک لینے کا اعلان کردیا

جمعرات 1 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی اداکار احد رضا میر نے شوبز انڈسٹری سے وقفہ لینے کا اعلان کردیا جس کے بعد مداحوں کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

احد رضا میر کے ایک لائیو سیشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں اداکار نے اعلان کیا کہ وہ اگلے سال شوبز سے وقفہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

احد رضا میر نے اپنے مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے سال چھٹی لے رہے ہیں اور انہوں نے اس بارے میں مداحوں کو پہلے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ ان کے اس فیصلے کے لیے تیار رہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ مکمل طور پر منظر سے غائب ہوجائیں گے، اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاریں گے اور انسٹاگرام سے بھی دور رہیں گے۔ انہوں نے اپنے اس فیصلے کو ’نیم ریٹائرمنٹ‘ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ڈرامے اے آئی سے لکھے جا رہے ہیں، سید محمد احمد کا چونکا دینے والا انکشاف

احد رضا میر کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔ بعض مداحوں نے قیاس کیا کہ شاید اداکار اپنی شادی کی منصوبہ بندی کررہے ہیں جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو برس سے مسلسل کام کرنے کے بعد انہیں وقفے کی ضرورت ہے۔

ایک مداح نے امید ظاہر کی کہ احد رضا میر جہاں بھی جائیں گے اپنے مداحوں کے پاس واپس ضرور آئیں گے جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ اداکار کے وقفے پر جانے کے بعد شاید احد رضا میر اور اقرا عزیز کی اسکرین جوڑی دیکھنے کی خواہش پوری نہ ہوسکے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ہر قسط کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں‘، بھارتی اداکار جونی لیور کس پاکستانی ڈرامے کے مداح نکلے؟

کچھ مداحوں نے یہ بھی تبصرہ کیا کہ ممکن ہے مستقبل میں احد رضا میر کو کوئی ایسا بہترین اسکرپٹ مل جائے جسے چھوڑنا ان کے لیے مشکل ہوجائے۔

واضح رہے کہ احد رضا میر کا شمار پاکستان کے معروف اداکاروں میں ہوتا ہے، جو ’یقین کا سفر‘، ’عہدِ وفا‘، ’یہ دل میرا‘، ’میم سے محبت‘ اور ’ہم تم‘ جیسے کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

اداکار نے حال ہی میں گرین ٹی وی کے ڈرامے ’ایک محبت اور‘ میں ہارون ملک کا کردار ادا کیا، جسے ناظرین اور ناقدین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی جبکہ وہ ان دنوں یمنیٰ زیدی کے ساتھ اپنے نئے ڈرامے ’کیفِ فراق‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp