انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں عدالتی طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کردیے۔
اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج اس مقدمے کی سماعت کے دوران نامزد ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کرنے کا حکم دیا۔
اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران پولیس بھی مقدمے کا چالان عدالت میں پیش نہ کرسکی۔
یہ بھی پڑھیں: 27 ستمبر مارچ: سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف کیسز میں تیزی، کن مقدمات میں گرفتاری کا خدشہ؟
عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ چالان جلد از جلد جمع کرایا جائے اور کیس کی مزید سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمے سے متعلق مطلوبہ چالان تاحال جمع نہیں کرایا گیا، جس کے باعث کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی۔
عدالت نے چالان کی فوری تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا۔
مزید پڑھیں: عدالت میں مسلسل غیرحاضری، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
نومبر احتجاج کیس میں نامزد ملزمان کی عدم پیشی کے باعث عدالت اس سے قبل بھی وارنٹ گرفتاری جاری کرچکی ہے۔ 26
9 ستمبر کو بھی اے ٹی سی نے سہیل آفریدی، پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر اور دیگر ملزمان کے وارنٹ برقرار رکھتے ہوئے پولیس کو چالان جلد جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
مقدمے کی کارروائی میں ملزمان کی عدم حاضری اور پولیس کی جانب سے چالان جمع نہ کرائے جانے کے باعث پیش رفت سست روی کا شکار ہے۔
تازہ احکامات کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو وارنٹ پر عملدرآمد کرتے ہوئے نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنا ہوگا۔














