واٹس ایپ صارفین کو بعض اوقات ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے کہ موبائل فون پر کسی پیغام کو ڈیلیٹ کرتے وقت صرف ’Delete for me‘ کا آپشن دکھائی دیتا ہے، جبکہ یہی چیٹ واٹس ایپ ویب یا ڈیسک ٹاپ ایپ پر کھولنے پر ’Delete for everyone‘ کا آپشن موجود ہوتا ہے۔
بظاہر یہ صورتحال کسی تکنیکی خرابی کا نتیجہ محسوس ہوتی ہے، تاہم اس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں اور اکثر صورتوں میں مسئلہ آسانی سے حل کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا آپ کا واٹس ایپ کوئی اور بھی استعمال کر رہا ہے؟ ایک سیٹنگ چیک کریں، حقیقت سامنے آجائے گی
واٹس ایپ پر کسی پیغام کو سب کے لیے ڈیلیٹ کرنے کی ایک مقررہ مدت ہوتی ہے۔ صارف میسج بھیجنے کے بعد تقریباً 60 گھنٹے تک اسے ’Delete for everyone‘ کے ذریعے ختم کر سکتا ہے۔ اس مدت کے گزرنے کے بعد یہ آپشن دستیاب نہیں رہتا اور صرف ’Delete for me‘ نظر آتا ہے۔
تاہم اگر پیغام 60 گھنٹے کے اندر بھیجا گیا ہو اور موبائل فون پر ’Delete for everyone‘ کا آپشن نظر نہ آ رہا ہو تو صارف اسے واٹس ایپ ویب یا ڈیسک ٹاپ ایپ کے ذریعے ڈیلیٹ کر سکتا ہے، بشرطیکہ وہاں یہ آپشن دستیاب ہو۔ اس طرح پیغام چیٹ میں موجود تمام افراد کے لیے ڈیلیٹ ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کی پرائیویسی خطرے میں؟ یہ 5 سیٹنگز فوراً چیک کریں
ماہرین کے مطابق واٹس ایپ کے ملٹی ڈیوائس سسٹم کے باعث مختلف ڈیوائسز پر چیٹس کی سنکنگ اور ایپ ورژن میں معمولی فرق بھی بعض اوقات ڈیلیٹ کرنے کے آپشنز میں فرق کا سبب بن سکتا ہے۔
صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون میں تاریخ، وقت اور ٹائم زون کو خودکار (Automatic) پر رکھیں، کیونکہ غلط وقت یا ٹائم زون کی سیٹنگ پیغام ڈیلیٹ کرنے کی مقررہ مدت کو متاثر کر سکتی ہے۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ کو تازہ ترین ورژن پر اپ ڈیٹ کرنا، واٹس ایپ ویب کو ریفریش کرنا اور موبائل فون کو مستحکم انٹرنیٹ کنکشن سے منسلک رکھنا بھی مسئلے کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ اکاؤنٹ مزید محفوظ بنائیں، پاس ورڈ لگانے کا نیا آپشن آگیا
اگر ’Delete for everyone‘ کا آپشن کسی بھی ڈیوائس پر دستیاب نہ ہو تو سب سے پہلے یہ جانچنا ضروری ہے کہ پیغام کو بھیجے ہوئے 60 گھنٹے سے زیادہ تو نہیں گزر چکے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ پیغام صارف کا اپنا بھیجا ہوا ہو، تاہم واٹس ایپ گروپس میں بعض صورتوں میں ایڈمنز کو دیگر اراکین کے پیغامات سب کے لیے ڈیلیٹ کرنے کی اجازت حاصل ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ ’Delete for everyone‘ کا مطلب یہ نہیں کہ پیغام کا ہر نشان مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ پیغام ڈیلیٹ ہونے کے بعد چیٹ میں اس حوالے سے ایک نوٹس ظاہر ہوتا ہے، جبکہ وصول کنندہ اگر پیغام پہلے ہی پڑھ چکا ہو تو وہ اسے دیکھ چکا ہوتا ہے۔ اسی طرح بعض تصاویر اور ویڈیوز، اگر پہلے ہی فون کی فوٹو لائبریری میں محفوظ ہو چکی ہوں، تو پیغام ڈیلیٹ کرنے کے باوجود ڈیوائس میں موجود رہ سکتی ہیں۔













