دنیا میں کچھ چیزیں بظاہر معمولی ہوتی ہیں، مگر ان کے اندر پورا زمانہ چھپا ہوتا ہے۔ لیٹر باکس بھی ایسی ہی ایک چیز ہے۔ سڑک کے کنارے نصب ایک چھوٹا سا ڈبہ، جس میں کبھی کاغذ کا ایک ٹکڑا گرتا تھا اور اس کے ساتھ کسی گھر کی خوشی، کسی ماں کی بے قراری، کسی عزیز کی خبر یا کسی دور بیٹھے شخص کی آواز بھی سفر پر نکل پڑتی تھی۔
پھر وقت نے رفتار پکڑی۔ کاغذ سمٹتا گیا، لفافے کم ہوتے گئے، ڈاک ٹکٹ البموں میں محفوظ ہونے لگے اور لیٹر باکس کے مقابل ایک نیا ڈبہ آ کھڑا ہوا: ان باکس۔ اب پیغام کاغذ پر نہیں اترتا، اسکرین پر نمودار ہوتا ہے۔ ڈاکیا اسے لے کر نہیں آتا، ایک نوٹی فکیشن خاموشی سے بتاتا ہے کہ دنیا کے کسی کونے سے کوئی آپ تک پہنچ گیا ہے۔
فرق صرف اتنا نہیں کہ خط کو پہنچنے میں دن لگتے تھے اور پیغام کو چند سیکنڈ۔ اصل فرق یہ ہے کہ سائنسی ترقی نے رابطے کا پورا مزاج بدل دیا ہے۔ ہم نے انتظار کو رفتار سے، خط کو پیغام سے اور ڈاکیے کو نوٹی فکیشن سے بدل دیا، مگر ایک چیز آج بھی وہیں کھڑی ہے۔ انسان کی دوسرے انسان تک پہنچنے کی خواہش۔
اسی خواہش نے ڈیڑھ صدی پہلے دنیا کے مختلف ڈاک نظاموں کو ایک عالمی رشتے میں باندھا تھا۔ 9 اکتوبر 1874 کو سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت برن میں یونیورسل پوسٹل یونین کا قیام اسی کوشش کا نتیجہ تھا۔ آج، 152 برس بعد، دنیا 9 اکتوبر کو ورلڈ پوسٹ ڈے مناتے ہوئے صرف ڈاک کے ماضی کو یاد نہیں کرتی بلکہ یہ سوال بھی پوچھتی ہے کہ اتنی تیز رفتار ڈیجیٹل دنیا میں ڈاک اب بھی کیوں ضروری ہے؟
شاید جواب اس ایک حقیقت میں چھپا ہے کہ ڈاک کبھی صرف خط پہنچانے کا نام نہیں تھی۔ یہ لوگوں کو جوڑنے کا ایک نظام تھا، اور آج بھی ہے۔
دنیا بھر میں 6 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ڈاک خانے اور 53 لاکھ پوسٹل کارکن اس عالمی نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔ یہ نیٹ ورک خطوط اور پارسلوں سے آگے بڑھ کر مالی خدمات، ادائیگیوں، رقم کی منتقلی، بچت، بیمہ اور دور دراز علاقوں تک ضروری سہولتوں کی رسائی میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔ یعنی جسے ہم کبھی ماضی کا ادارہ سمجھ کر آگے بڑھ گئے تھے، وہ دراصل اپنی شکل بدل کر ہمارے حال اور مستقبل میں بھی موجود ہے۔
1874 میں برن میں جب یونیورسل پوسٹل یونین قائم ہوئی تو دنیا آج کی طرح ایک دوسرے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر نہیں تھی۔ ایک خط کا سفر ایک شہر سے دوسرے شہر، ایک ملک سے دوسرے ملک اور کبھی ایک براعظم سے دوسرے براعظم تک پہنچنے میں خاصا وقت لیتا تھا۔ لیکن مسئلہ صرف رفتار کا نہیں تھا، نظام کا تھا۔
ہر ملک کا اپنا ڈاک کا طریقہ، اپنے قواعد اور اپنی ترجیحات تھیں۔ سرحد پار ایک خط بھیجنا آج کے ای میل بھیجنے جتنا آسان نہیں تھا۔ یونیورسل پوسٹل یونین نے اسی بکھری ہوئی دنیا کو ایک مشترکہ پوسٹل نظام میں جوڑنے کی کوشش کی۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو یہ تنظیم محض ڈاک خانوں کی تنظیم نہیں تھی، یہ ایک ایسے عہد کا خواب تھی جس میں سرحدیں خط کی منزل نہ روک سکیں۔
دنیا میں بہت سی عالمی تنظیمیں جنگ، تجارت، سیاست یا طاقت کے گرد وجود میں آئیں، مگر عالمی پوسٹل نظام کی بنیاد ایک نسبتاً سادہ انسانی ضرورت پر رکھی گئی تھی کہ لوگ ایک دوسرے تک اپنی بات پہنچا سکیں۔ 1969 میں جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہونے والی یونیورسل پوسٹل یونین کی کانگریس نے 9 اکتوبر کو ورلڈ پوسٹ ڈے کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔ تب سے دنیا بھر کے ممالک اس دن کو اپنے اپنے انداز میں مناتے ہیں۔
کہیں خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری ہوتے ہیں، کہیں تاریخی ڈاک ٹکٹوں کی نمائش لگتی ہے، کہیں پوسٹل میوزیم عوام کے لیے کھولے جاتے ہیں، کہیں کانفرنسیں اور ورکشاپس ہوتی ہیں اور کہیں ان کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے جو اس خاموش عالمی نیٹ ورک کو روزانہ حرکت میں رکھتے ہیں۔
مگر ڈاک خانہ آخر کرتا کیا ہے؟ یہ سوال شاید آج کی نسل کے لیے زیادہ اہم ہے۔ کیونکہ جس بچے کی پیدائش ہی اسمارٹ فون کے عہد میں ہوئی ہو، اسے یہ سمجھانا آسان نہیں کہ کبھی ایک کاغذ کا ٹکڑا بھی دنیا بدل سکتا تھا۔ مگر ڈاک کی دنیا نے بھی خود کو بدل لیا ہے۔
آج پوسٹ صرف خط نہیں پہنچاتی۔ دنیا کے مختلف حصوں میں ڈاک کے ذریعے ادائیگیاں، رقم کی منتقلی، بچت اور دوسری مالی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب سے زیادہ افراد، یعنی عالمی بالغ آبادی کا قریباً 28 فیصد، پوسٹل نیٹ ورک کے ذریعے بنیادی مالی خدمات تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ دنیا کے 53 فیصد ڈاک خانے بیمے کی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں۔
یہاں ڈاک خانہ صرف ڈاک خانہ نہیں رہتا۔ وہ اس شخص کے لیے مالی مرکز بن جاتا ہے جو کسی دور دراز علاقے میں رہتا ہے۔ وہ اس خاندان کے لیے رقم پہنچانے کا ذریعہ بنتا ہے جس کا فرد روزگار کے لیے کہیں اور چلا گیا ہے۔ وہ کم آمدنی والے ایسے شخص کے لیے سہارا بن سکتا ہے جس کی آمدن ہر ماہ ایک جیسی نہیں ہوتی۔
یہی وجہ ہے کہ 2015 میں جب دنیا نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کا عزم کیا تو پوسٹل نظام کو بھی ترقی کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ سمجھا گیا۔ کیونکہ ترقی صرف یہ نہیں کہ شہر میں کتنی بلند عمارتیں ہیں۔
دنیا کے نقشے پر بڑے شہر نمایاں دکھائی دیتے ہیں، مگر ان شہروں کے بعد بھی ایک دنیا آباد ہے۔ پہاڑوں کے پیچھے، صحراؤں کے بیچ، دور افتادہ دیہات میں، چھوٹے جزیروں پر، ایسے علاقوں میں جہاں انٹرنیٹ ہر وقت دستیاب نہیں اور ہر سہولت دروازے تک نہیں پہنچتی۔ وہاں ڈاکیا صرف ڈاکیا نہیں رہتا۔ وہ آخری رابطہ بن جاتا ہے۔
ایک پارسل اس وقت تک پارسل نہیں جب تک وہ مطلوبہ شخص کے دروازے تک نہ پہنچ جائے۔ ایک سرکاری دستاویز اس وقت تک کارآمد نہیں جب تک وہ ضرورت مند کے ہاتھ میں نہ ہو۔ ایک مالی سہولت اس وقت تک سہولت نہیں جب تک وہ اس شخص تک نہ پہنچے جسے اس کی ضرورت ہے۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں جدید دنیا کی تمام تر رفتار کے باوجود ڈاک کا پرانا نظام اچانک بہت جدید دکھائی دیتا ہے۔
کبھی کبھی کسی خط کی منزل سامنے والا شخص نہیں ہوتا، بلکہ وقت ہوتا ہے۔ نصیرالدین شاہ کی ایک کہانی اس کی خوب صورت مثال ہے۔ غالب پر بننے والی معروف ڈراما سیریل ’مرزا غالب‘ میں غالب کا کردار ادا کرنے کی خواہش نصیرالدین شاہ کے دل میں برسوں سے تھی۔ وہ نوجوان تھے جب انہیں معلوم ہوا کہ گلزار مرزا غالب پر فلم بنانے کی تیاری کر رہے ہیں اور مرکزی کردار کے لیے سنجیو کمار کا نام زیر غور ہے۔ نصیرالدین شاہ کو لگا کہ غالب کا کردار انہیں ملنا چاہیے۔
انہوں نے گلزار کا پوسٹل ایڈریس تلاش کیا، ایک خط لکھا، اپنی تصویر ساتھ بھیجی اور بڑی خود اعتمادی سے کہا کہ وہی اس کردار کے لیے موزوں اداکار ہیں۔ خط میں اپنی غالب شناسی کا بھی دعویٰ کیا، اگرچہ بعد میں خود اعتراف کیا کہ اس دعوے میں کچھ مبالغہ تھا۔
مگر خط گلزار تک پہنچا ہی نہیں۔ وقت گزرتا رہا۔ فلم کا منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا اور نصیرالدین شاہ کی وہ خواہش بھی کہیں وقت کی تہوں میں دب گئی۔ پھر قریباً بارہ برس بعد ایک دن اچانک فون کی گھنٹی بجی۔ دوسری طرف گلزار تھے: ’غالب کرو گے؟‘
نصیرالدین شاہ کے مطابق وہ اس لمحے اس قدر جذباتی ہوگئے کہ انہیں لگا ریسیور ہاتھ سے گر جائے گا۔ جس شخص تک پہنچنے کے لیے انہوں نے برسوں پہلے خط لکھا تھا، وہی شخص بارہ برس بعد خود انہیں فون کر رہا تھا۔
یہ واقعہ اگرچہ رابطے کے ذرائع کی تاریخ سے کہیں بڑھ کر انسانی خواہش اور اتفاق کی کہانی ہے، مگر اس میں ایک اہم نکتہ پوشیدہ ہے کہ پیغام کی قدر صرف اس بات سے طے نہیں ہوتی کہ وہ کتنی جلدی پہنچا، بلکہ اس اثر سے بھی کہ وہ کسی انسان کی زندگی میں کیا معنی رکھتا ہے۔
شاید یہی وجہ ہے کہ رابطے کے ذرائع کی پوری تاریخ کو صرف رفتار کی تاریخ سمجھنا غلط ہوگا۔ خط سے فون، فون سے ای میل اور ای میل سے ان باکس تک ہم نے پیغام پہنچنے کا وقت ضرور کم کیا ہے، مگر کسی پیغام کی اصل قدر اس کے پہنچنے کی رفتار سے نہیں، اس اثر سے طے ہوتی ہے جو وہ کسی انسان پر چھوڑتا ہے۔
نصیرالدین شاہ کا وہ خط اپنی منزل تک نہیں پہنچا تھا، لیکن اس خط میں لکھی خواہش کہیں نہ کہیں محفوظ رہی۔ وقت نے اسے ضائع نہیں ہونے دیا۔ جب موقع آیا تو ایک فون کال نے وہ کام کردیا جو خط نہ کرسکا تھا۔
پھر وقت نے ایک اور کروٹ لی تو صارفین نے دکانوں سے خریداری کم اور اسکرینوں سے خریداری زیادہ شروع کردی۔ ایک انگلی اسکرین پر پھسلتی ہے، چیز منتخب ہوتی ہے، ادائیگی ہوتی ہے اور پھر انتظار شروع ہوتا ہے۔ مگر اس بار انتظار خط کا نہیں، پارسل کا ہے۔
آن لائن خریداری نے پوسٹل نظام کو ایک نئی زندگی دی۔ عالمی پارسل مارکیٹ 2018 میں قریباً 450 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2020 میں 500 ارب ڈالر سے زیادہ ہوگئی تھی۔ یعنی ڈیجیٹل دنیا نے ڈاک کو ختم نہیں کیا۔ اس نے ڈاک سے کہا کہ اب خط کے ساتھ ہمارا سامان بھی پہنچاؤ۔ اور ڈاک نے یہ کام بھی سنبھال لیا۔
یہ ایک دلچسپ انسانی تبدیلی ہے۔ کبھی ہم ڈاک کے ذریعے اپنے الفاظ بھیجتے تھے، اب اسی نظام کے ذریعے اپنی خریداری گھر منگواتے ہیں۔ لفافہ کم ہوا، ڈبہ بڑھ گیا۔ خط کم ہوئے، پارسل بڑھ گئے۔ مگر راستہ وہی رہا، ایک جگہ سے دوسری جگہ کچھ پہنچانا۔
ڈاک ٹکٹ، شاید ڈاک کی دنیا میں سب سے چھوٹی چیز، مگر سب سے بڑی کہانیوں میں سے ایک۔ ایک چھوٹے سے کاغذ پر کسی شاعر کا چہرہ، کسی سائنس دان کی تصویر، کسی تاریخی واقعے کی یاد، کسی پرندے کے پروں کا رنگ، کسی پہاڑ کی خاموشی یا کسی قوم کی ثقافت محفوظ کردی جاتی ہے۔ یوں ڈاک ٹکٹ محض ڈاک کی قیمت ادا کرنے کا ذریعہ نہیں رہتا۔ وہ اپنے عہد کا چھوٹا سا آئینہ بن جاتا ہے۔
ایک لفافہ دنیا کے کسی شہر کی طرف سفر کر رہا ہوتا ہے اور اس کے اوپر چپکا ہوا ٹکٹ اپنے اندر ایک پوری تاریخ لیے اس کے ساتھ چل رہا ہوتا ہے۔
اقوام متحدہ کے ڈاک ٹکٹ اس روایت کی ایک منفرد مثال ہیں۔ اقوام متحدہ دنیا کی واحد ایسی تنظیم ہے جو نہ ملک ہے نہ علاقہ، مگر اسے ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کی اجازت حاصل ہے۔ یہ واحد پوسٹل اتھارٹی بھی ہے جو امریکی ڈالر، سوئس فرانک اور یورو میں ڈاک ٹکٹ جاری کرتی ہے۔
اقوام متحدہ نے اپنے پہلے ڈاک ٹکٹ 24 اکتوبر 1951 کو جاری کیے تھے۔ کاغذ چھوٹا تھا، مگر اس پر دنیا کے بڑے خواب لکھے تھے۔
1874 میں قائم ہونے والی یونیورسل پوسٹل یونین آج بھی برن ہی میں قائم ہے۔ اسے دنیا کی قدیم ترین بین الاقوامی تنظیموں میں شمار کیا جاتا ہے اور انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے بعد دوسری قدیم ترین بین الاقوامی تنظیم قرار دیا جاتا ہے۔
یکم جولائی 1948 کو یہ اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی بن گئی۔ سوچیے، جس زمانے میں نہ انٹرنیٹ تھا، نہ موبائل فون، نہ ای میل اور نہ مصنوعی ذہانت، اس وقت دنیا کے ممالک ایک ایسے عالمی نیٹ ورک کی بنیاد رکھ رہے تھے جو لوگوں کو سرحدوں کے پار جوڑ سکے۔
اور آج، جب دنیا کے پاس رابطے کے بے شمار ذرائع ہیں، وہی نظام اب بھی قائم ہے۔ شاید اس لیے کہ ذرائع بدلتے ہیں، ضرورت نہیں۔ کیا ہم واقعی پہلے سے زیادہ قریب ہیں؟ یہ وہ سوال ہے جہاں 2026 کا ورلڈ پوسٹ ڈے محض ڈاک کا دن نہیں رہتا۔
آج سوشل میڈیا ہے، پیغام رسانی کی ایپس ہیں، مصنوعی ذہانت ہے، روبوٹکس ہے۔ ہم دنیا کے کسی بھی حصے میں بیٹھے شخص سے چند لمحوں میں رابطہ کرسکتے ہیں۔ مگر اسی تیز رفتار دنیا میں تنہائی اور سماجی دوری بھی ایک انسانی مسئلہ بن کر سامنے آئی ہے۔
ہماری فہرست میں سینکڑوں دوست ہوسکتے ہیں، ان باکس میں ہزاروں پیغامات ہوسکتے ہیں، فون میں سینکڑوں رابطے ہوسکتے ہیں، مگر کبھی کبھی انسان پھر بھی کسی ایک آواز، ایک ملاقات، ایک خط یا ایک حقیقی تعلق کا منتظر رہتا ہے۔
شاید یہی وجہ ہے کہ ورلڈ پوسٹ ڈے 2026 کا موضوع اتنا معنی خیز ہے۔ ’ایک پوسٹل نیٹ ورک، لامحدود امکانات‘، یہ صرف ڈاک کے مستقبل کا نعرہ نہیں۔ یہ اس خیال کی طرف اشارہ ہے کہ دنیا جتنی ڈیجیٹل ہوتی جائے، انسانوں کو جوڑنے والے راستوں کی ضرورت اتنی ہی اہم رہ سکتی ہے۔
اس کا ایک ثبوت خود یونیورسل پوسٹل یونین کا بین الاقوامی خط نویسی کا مقابلہ ہے۔ 1971 میں شروع ہونے والے اس مقابلے میں ہر سال دنیا بھر سے 12 لاکھ سے زیادہ بچے حصہ لیتے ہیں۔ 9 سے 15 سال کے بچے دیے گئے موضوع پر خط لکھتے ہیں۔
2026 میں یونیورسل پوسٹل یونین نے عالمی ادارۂ صحت اور یونیسکو کے ساتھ شراکت کی ہے اور نوجوانوں کو اس سوال پر غور کرنے کی دعوت دی ہے کہ ایک ایسی دنیا میں انسانی رابطہ کیوں اہم ہے جہاں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تیزی سے زندگی کا حصہ بن رہی ہے۔
یہاں کہانی ایک خوب صورت دائرہ مکمل کرتی ہے۔ دنیا نے خط کو ان باکس تک پہنچا دیا، مگر اب بھی بچوں سے کہا جا رہا ہے کہ کبھی کاغذ پر بھی لکھو۔ شاید اس لیے کہ انسان صرف پیغام نہیں چاہتا۔ وہ یہ یقین بھی چاہتا ہے کہ اسے یاد رکھا گیا ہے۔
کبھی کبھی ہمیں لگتا ہے کہ ڈاکیا ہماری زندگی سے غائب ہوگیا ہے۔ مگر شاید وہ غائب نہیں ہوا۔ صرف اس کے ہاتھ میں آنے والی چیز بدل گئی ہے۔ پہلے خط تھا، اب پارسل ہے۔ پہلے لفافہ تھا، اب آن لائن آرڈر ہے۔ پہلے منی آرڈر تھا، اب مالی خدمات ہیں۔ پہلے سرکاری خط تھا، اب عوامی خدمات کا ایک وسیع نظام ہے۔
دنیا کے کسی دور افتادہ علاقے میں آج بھی شاید کوئی شخص اسی انتظار میں دروازے کی طرف دیکھ رہا ہو کہ ڈاکیا آئے گا اور کچھ دے کر جائے گا۔ ممکن ہے وہ خط نہ ہو۔ شاید ایک پارسل ہو۔ شاید کوئی دستاویز ہو۔ شاید رقم کی رسید ہو۔ مگر اس شخص کے لیے اس کی اہمیت شاید کسی خط سے کم نہ ہو۔
اسی لیے ورلڈ پوسٹ ڈے ڈاک کے ماضی کا نوحہ نہیں۔ یہ اس کے بدلتے ہوئے حال اور ممکنہ مستقبل کی کہانی ہے۔
کبھی ایک خط لیٹر باکس میں گرتا تھا اور اس کے ساتھ انتظار گھر میں داخل ہوجاتا تھا۔ آج ایک پیغام ان باکس میں آتا ہے اور انگلی فوراً اس پر پہنچ جاتی ہے۔ کبھی خط لکھنے کے بعد دن گنے جاتے تھے۔ اب جواب نہ آئے تو منٹ گنے جاتے ہیں۔ کبھی ڈاکیا دروازے پر دستک دیتا تھا۔ اب موبائل کی اسکرین روشن ہوتی ہے۔
کبھی کسی خط کو صندوق میں برسوں سنبھال کر رکھا جاتا تھا۔ اب ہزاروں پیغامات ایک ان باکس میں آتے ہیں، پڑھے جاتے ہیں اور پھر نیچے کہیں گم ہوجاتے ہیں۔راستہ بدل گیا ہے، مگر خواہش نہیں بدلی۔ ہم آج بھی کسی کو کچھ کہنا چاہتے ہیں۔ ہم آج بھی کسی کی خیریت جاننا چاہتے ہیں۔ ہم آج بھی کسی دور بیٹھے شخص تک اپنی موجودگی پہنچانا چاہتے ہیں۔ اور شاید انسانی تہذیب کی پوری تاریخ اسی خواہش کے گرد گھومتی ہے کہ کوئی ہمیں سنے، کوئی ہمیں یاد رکھے، کوئی ہم تک پہنچے۔ لیٹر باکس سے ان باکس تک کا سفر اسی خواہش کا سفر ہے۔ کیونکہ پیغام کی اصل منزل نہ لیٹر باکس ہے، نہ ان باکس۔ اس کی اصل منزل انسان ہے۔
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔













