اسلام آباد پولیس کی کارروائیاں، 16 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد

جمعہ 9 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس نے گزشتہ 3 ماہ کے دوران جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں 16 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان اصل مالکان کے حوالے کیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق، پولیس نے اسی عرصے میں مختلف جرائم میں ملوث 19 گروہوں کے 88 ملزمان کو گرفتاربھی کیا ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن سلیمان ظفر نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کے دوران کارروائیوں کی تفصیلات بتائیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی کارروائی، دہرے قتل کا مجرم گرفتار

اس موقع پر برآمد شدہ مسروقہ گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، نقدی، طلائی زیورات، لیپ ٹاپ اور قیمتی موبائل فونز ان کے اصل مالکان کے حوالے کرنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

اسلام آباد پولیس کے رابری اینڈ ڈکیتی یونٹ اور اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف گروہوں کے ارکان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے مال مسروقہ برآمد کیا۔

پولیس کے رابری اینڈ ڈکیتی یونٹ نے 8 گروہوں کے 30 ارکان سمیت مجموعی طور پر 61 ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ 7 کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ نے بھی کارروائیوں کے دوران گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث 11 منظم گروہوں کے 27 ملزمان کو گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق اس کارروائی میں 8 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 35 سے زیادہ قیمتی گاڑیاں اور 21 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

مزید پڑھیں: گھریلو ناچاقی پر 2خواتین کا قتل، اسلام آباد پولیس نے 48 گھنٹوں میں ملزمان گرفتار کرلیے

ترجمان نے بتایا کہ اغوا برائے تاوان میں ملوث 2 گروہوں کے 9 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا اور ایک کروڑ 5 لاکھ روپے برآمد کیے گئے۔

اسی طرح ڈکیتی اور سرقہ بالجبر کے 4 گروہوں کے 16 ملزمان گرفتار کرکے 10 کروڑ 60 لاکھ 65 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرنے کی اطلاع دی گئی۔

دیگر 8 مقدمات میں بھی 14 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 4 کروڑ 62 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کا سامان برآمد کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی، ڈرفٹنگ میں ملوث ملزمان گرفتار، گاڑیاں ضبط

پولیس کے مطابق برآمد شدہ سامان میں قیمتی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، نقدی، طلائی زیورات، لیپ ٹاپ اور موبائل فون شامل ہیں، جو متعلقہ قانونی کارروائی کے بعد مالکان کے حوالے کیے گئے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن سلیمان ظفر نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp