حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات میں اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے لیے پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ شروع کردیا۔
لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ لکی مروت سے شروع ہوا جس میں اراکین پارلیمنٹ اور پارٹی کارکنان شریک ہیں۔ پہلے مرحلے میں لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان اور بنوں سے کارکنان قافلے میں شامل ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا لانگ مارچ غریب عوام کی پریشانیاں مزید بڑھادے گا، خیبر کے نوجوانوں کا تبصرہ
پی ٹی آئی کا قافلہ رات گئے ضلع کرک پہنچا جہاں شرکا نے رات قیام کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کرک میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے کیمپ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی۔
ویڈیو میں پی ٹی آئی کے کارکنان کو خیمے میں چٹائیوں پر سوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کارکنان کی کم تعداد پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے طنزیہ انداز میں لکھا ’بڑا رش ہے، بندے پہ بندہ چڑھا ہوا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کرک میں کیمپ صبح دو بجے۔‘
بڑا رش ھے بندے پہ بندہ چڑھا ھواھے۔۔
وزیر اعلی KPکا کرک میں کیمپ صبح دو بجے pic.twitter.com/0CtAAte9JL
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) October 4, 2026
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اتوار کو لکی مروت سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا تھا۔ قافلہ رات گئے کرک پہنچا جہاں شرکا نے رات قیام کیا۔
منصوبے کے مطابق پیر کو کرک کے کارکنان کی شمولیت کے بعد لانگ مارچ کوہاٹ کی جانب روانہ ہونا تھا۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد شروع کیے جانے والے اس مارچ کے حوالے سے وفاقی حکومت واضح کر چکی ہے کہ مظاہرین کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔













