ٹیکسٹائل، زراعت اور مینوفیکچرنگ میں زبردست نمو، وزیراعظم کے مشیر خرم شہزاد کا پاکستان کی برآمدات میں تاریخی اضافے کا دعویٰ

پیر 5 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ستمبر 2026 میں پاکستان کی اشیاء کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 17.6 فیصد کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد برآمدات کا کل حجم 2.94 ارب ڈالر تک جا پہنچا ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے مشیر خرم شہزاد نے پاکستان کی برآمدات میں زبردست اور مثبت نمو کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے  انہوں نے بتایا کہ ستمبر 2026 میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر (YoY) 17.6 فیصد جبکہ ماہانہ بنیادوں پر (MoM) 16.1 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد برآمدات ستمبر 2025 کے 2.50 ارب ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 2.94 ارب ڈالر ہو گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے کیا پاکستان 100 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف پورا کر سکتا ہے؟

مشیر وزیراعظم نے بتایا کہ رواں مالی سال 2026-27ء کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران برآمدات کا حجم 8.42 ارب ڈالر رہا، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.8 فیصد زائد ہے۔ اس طرح پاکستان نے جاری مالی سال کے پہلے تین ماہ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 82 کروڑ 50 لاکھ ڈالر (825 ملین ڈالر) کی اضافی اشیاء برآمد کی ہیں۔

اعداد و شمار کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ ستمبر کے مہینے میں برآمدات کی شرحِ نمو نے واردات کے مقابلے میں واضح برتری حاصل کی، جو کہ ملکی معیشت کے لیے ایک انتہائی خوش آئند اشاریہ ہے۔

خرم شہزاد کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تمام اہم شعبوں میں برآمدی پیشرفت دیکھی گئی۔

زرعی اور غذائی اجناس (Agri & Food) میں سالانہ بنیادوں پر 23 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ صرف ستمبر کے مہینے میں اس شعبے کی برآمدات میں 62 فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

یہ بھی پڑھیے برآمدات میں اضافے کے لیے متعلقہ صنعتوں کو سہولیات فراہم کی جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

مینوفیکچرنگ، مائننگ اور توانائی میں سالانہ بنیادوں پر 17 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اگست کے مقابلے ستمبر میں مینوفیکچرنگ سیکٹر کی برآمدات میں 35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبوں میں سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد نمو دیکھی گئی۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ علاقائی چیلنجز کے باوجود برآمدات میں مسلسل اور پائیدار اضافہ معیشت کو ’ایکسپورٹ لیڈ‘ (برآمدات پر مبنی) اور مستحکم نمو کی طرف گامزن کرنے کے لیے ایک بڑی پیشرفت ہے، جس سے ملک میں زرِ مبادلہ کے ذخائر اور معاشی استحکام کو تقویت ملے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp