پی ٹی آئی سے بات چیت کے لیے اب بھی تیار ہیں، تاہم قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، وزیراعظم

منگل 6 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اب بھی پاکستان تحریک انصاف سے بیٹھ کر بات کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، لیکن ملکی امن، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ریاستی رٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی والے اٹک سے ایک قدم آگے بڑ ھ کر تو دکھائیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد میں کشمیر چوک کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں اور لانگ مارچ کے بھیانک سائے دوبارہ نمودار ہو رہے ہیں، حکومت نے باہمی مشاورت سے پی ٹی آئی سے مذاکرات کا فیصلہ کیا، تاہم مذاکرات کے باوجود معاملہ حل نہ ہوسکا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں حکومتی اور پی ٹی آئی کمیٹی کے درمیان 2 روز مذاکرات جاری رہے، امید تھی کہ ان کے مثبت نتائج نکلیں گے اور دھرنے کی نوبت نہیں آئے گی۔ پیپلز پارٹی نے بھی مذاکرات میں پوری سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی سے بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کی گئی اور اسے دھرنوں اور لانگ مارچ کا راستہ ترک کرنے پر آمادہ کرنا چاہتے ہیں، تاہم بدقسمتی سے مذاکرات کے باوجود معاملہ حل نہ ہوسکا۔ ان کے بقول پی ٹی آئی کا مقصد تھا کہ مذاکرات کسی صورت کامیاب نہ ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کی سیاست سے ملکی معیشت کو دوبارہ نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ دھرنے اور احتجاج کا پہلا نشانہ ملکی برآمدات ہوں گی جبکہ مینوفیکچرنگ اور صنعتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوں گی۔ انجینئرز اور کارکن وقت پر فیکٹریوں میں نہ پہنچے تو نقصان پوری قوم کا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اڑھائی سال کی محنت سے ملکی معیشت کو استحکام کی طرف لایا گیا ہے اور اب معیشت میں گروتھ اور ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے، ملک کی ترقی کا پہیہ دوبارہ جام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ملک کے مفاد میں لانگ مارچ اور دھرنے ختم کیے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اب بھی پی ٹی آئی سے بیٹھ کر بات کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کو محنت، امانت اور دیانت کے ساتھ آگے لے کر چلنا ہے، ملک کو عظیم بنانا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔

کشمیر چوک منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج کشمیر چوک کا افتتاح خوش آئند ہے اور منصوبے پر تیزی سے کام مکمل کیا گیا۔ سڑکوں، پلوں اور انڈر پاسز کی تعمیر کا مقصد عوام کا قیمتی وقت بچانا ہے۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی اشتعال دلا کر لوگوں کو وفاق کے خلاف کھڑا کرتی ہے، بیرسٹر دانیال چوہدری

انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کرنے کے عزم پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کام کی یہی تیز رفتاری، دن رات محنت اور جذبہ قوموں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بچے تعلیم، نوجوان دفاتر اور مزدور فیکٹریوں میں جانے کے لیے محفوظ راستے چاہتے ہیں۔ ملک کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے دن رات محنت جاری ہے اور قومی ترقی کا عمل اجتماعی کاوشوں سے آگے بڑھ رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp