ہرمن پریت کور تینوں فارمیٹس میں بھارتی ٹیم کی کپتانی سے دستبردار

منگل 6 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہرمن پریت کور تینوں بین الاقوامی فارمیٹس میں بھارت کی کپتانی سے دستبردار ہو گئی ہیں گزشتہ سال ٹیم کو پہلا ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ ٹائٹل جتوانے کے بعد ان کی کپتانی کا دور ختم ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ویمنز ایشیا کپ 2026 کا میلہ دبئی میں سجنے کو تیار، فوٹو سیشن میں پلیئرز کا دلکش رقص

37 سالہ کھلاڑی نے منگل کو انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ میں اپنے فیصلے کا اعلان کیا کہا کہ وہ اس یقین کے ساتھ کپتانی چھوڑ رہی ہیں کہ ٹیم مضبوط پوزیشن میں ہے اور وہ اس کھیل پر توجہ دینے کے لیے تیار ہیں جس سے انہیں محبت ہے۔

ہرمن پریت نے اپنی کپتانی کے دوران 5 ٹیسٹ، 51 ون ڈے اور 155 ٹی 20 میچوں میں بھارت کی قیادت کی۔ بطور کپتان ان کی آخری ذمہ داری گزشتہ ماہ تھی جب انہوں نے ایشین گیمز میں نیشن میں بھارت کو مسلسل دوسرا گولڈ میڈل جتوایا۔

ان کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ایک روز قبل انہوں نے بھارتی نائب کپتان سمرتی مندھنا اور ہیڈ کوچ امول مزومدار کے ساتھ گوہاٹی میں بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا سے ملاقات کر کے ویمنز ٹیم کے مستقبل کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

ہرمن پریت نے لکھا کہ یہ آسان فیصلہ نہیں ہے اس میں برسوں کی یادیں، جذبات، قربانیاں اور ایسے لمحات شامل ہیں جو ساری زندگی میرے ساتھ رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ٹیم کے لیے ذاتی خواہشات اور اپنے کھیل کے بعض پہلوؤں کی قربانی دی جبکہ کپتان کے طور پر مشکل فیصلے اس مقصد سے کیے کہ بھارتی ویمنز کرکٹ کو ترقی دینے میں مدد ملے۔

مزید پڑھیے: بھارتی کرکٹر ہرمن پریت کور کا جارحانہ رویہ، بھاری جرمانے اور تنقید کا سامنا

انہوں نے کہا کہ میں آج کپتانی کو جذبات سے بھرے دل کے ساتھ چھوڑ رہی ہوں لیکن سکون کے ساتھ بھی کیونکہ مجھے واقعی یقین ہے کہ میری ٹیم اچھی جگہ پر ہے۔ ایک ایسی ٹیم جس میں ٹیلنٹ، کردار، یقین اور ایک ایسا مستقبل ہے جسے دیکھنے اور اس کا حصہ بننے کے لیے میں بے حد پرجوش ہوں۔

قیادت میں ممکنہ تبدیلی کی قیاس آرائیاں حالیہ مہینوں میں خصوصاً جون میں بھارت کے مسلسل دوسری بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے باہر ہونے کے بعد شدت اختیار کر گئی تھیں ۔

امیتا شرما کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی قیادت کے سوال پر مبینہ طور پر منقسم تھی جبکہ ہرمن پریت نے اس سے قبل سال 2028 میں لاس اینجلس میں ہونے والے اولمپک گیمز میں بھارت کی کپتانی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

 

تاہم سمرتی مندھانا ہرمن پریت کی جانشین کے طور پر مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ بائیں ہاتھ کی بلے باز نے تیزی سے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلورو کو سنہ 2024 اور سال 2026 میں ڈبلیو پی ایل ٹائٹلز جتوائے ہیں۔

ہرمن پریت نے پہلی بار سنہ 2012 میں ٹی 20 میں بھارت کی کپتانی کی تھی اس سے قبل وہ سنہ 2016 میں ہوم گراؤنڈ پر ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے باہر ہونے کے بعد فل ٹائم قیادت کے لیے سنجیدہ امیدوار بنیں۔

انہوں نے بالآخر سنہ 2018 میں متھالی راج کی جگہ بھارت کی فل ٹائم ٹی 20 کپتان کے طور پر لی اور اس سال کیریبین میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک ٹیم کی قیادت کی۔ بھارت بعد ازاں ان کی قیادت میں سنہ 2020 میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں رنر اپ رہا۔

یہ بھی پڑھیے: لارڈز میں خواتین کا پہلا ٹیسٹ میچ: بھارت نے انگلینڈ کو 270 رنز سے ہرادیا

بھارتی کپتانی چھوڑنے کے باوجود توقع ہے کہ ہرمن پریت مختصر فارمیٹ میں کھیلنا جاری رکھیں گی۔ وہ آئندہ ویمنز پریمیئر لیگ سیزن میں ممبئی انڈینز کی قیادت بھی کریں گی کیونکہ فرنچائز تیسری ڈبلیو پی ایل ٹائٹل کے لیے کوشاں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp