معروف بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں موجود سکھوں کے مقدس گوردوارے انہیں پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہیں۔
میکا سنگھ کے پاکستان میں بھی بڑی تعداد میں مداح موجود ہیں اور وہ ماضی میں متعدد مرتبہ پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔ 2019 میں کراچی میں ایک نجی شادی کی تقریب میں ان کی شرکت نے دونوں ممالک میں خاصا تنازع پیدا کیا تھا جس کے بعد بھارت میں ان کے پاکستان جانے پر پابندی کی بات سامنے آئی تھی۔
حال ہی میں میکا سنگھ نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی محبت اور گرمجوشی کو سراہا۔ میکا سنگھ کا کہنا تھا کہ جب پاکستانی گلوکار بھارت آتے ہیں تو یہاں کے لوگ انہیں بھرپور محبت دیتے ہیں، ان کے گانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اس لیے جب انہیں بھی پاکستان میں اسی طرح کی محبت اور عزت ملتی ہے تو لوگوں کو اس پر خوش ہونا چاہیے۔
گلوکار نے پاکستان سے اپنی محبت کی خاص وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سکھ مذہب کے اہم اور مقدس گوردوارے موجود ہیں جن میں پنجہ صاحب اور گوردوارہ ننکانہ صاحب شامل ہیں۔ میکا سنگھ نے کہا کہ جب بھی انہیں پاکستان سے دعوت ملتی ہے تو وہ اسے محض کسی تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں سمجھتے بلکہ اسے گوردوارے کی جانب سے ملنے والا ’’بلاوا‘‘ تصور کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’یہ شرمناک اور بے ہودہ ہے‘، بھارتی فوجی قیادت کو ٹی وی شو پر آنا مہنگا پڑگیا
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان آنے کے معاملے میں ان کے لیے مالی فائدے سے زیادہ مذہبی اور جذباتی وابستگی اہمیت رکھتی ہے۔ ان کے بقول، پاکستان میں موجود سکھوں کے مقدس مقامات ہی ان کے لیے پاکستان آنے کے پیچھے اصل جذبات ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی پنجابی گلوکار میکا سنگھ اپنی پُرجوش آواز اور ’’موجا ہی موجا‘‘، ’’جُمّے کی رات‘‘، ’’آنکھ مارے‘‘، ’’صبح ہونے نہ دے‘‘ اور ’’گنپت‘‘ سمیت متعدد مقبول گانوں کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔










