8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کو 21 برس بیت گئے، زخم آج بھی تازہ ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 8 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کے شہدا کی 21ویں برسی کے موقع پر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام یونیورسٹی کالج گراؤنڈ مظفرآباد میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی سمیت وزرا، ارکان اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام، ریسکیو اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران صبح 8 بج کر 52 منٹ پر شہدائے زلزلہ کی یاد میں سائرن بجایا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی، جبکہ پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔ ممبر اسمبلی پیر محمد مظہر سعید شاہ نے فاتحہ خوانی کرائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کے زخم آج بھی تازہ ہیں اور اس سانحے کے اثرات کبھی دل سے مٹائے نہیں جا سکتے۔

یہ بھی پڑھیں:8 اکتوبر 2005 کا ہولناک زلزلہ: 2 دہائیوں میں بھی نقصان کا ازالہ نہ ہوسکا

انہوں نے زلزلہ متاثرین کی بحالی میں پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے متاثرین کی مدد کے لیے جس جذبہ ایثار کا مظاہرہ کیا وہ بے مثال ہے، جبکہ دوست ممالک، عالمی اداروں اور تنظیموں کا تعاون بھی ناقابل فراموش ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دوست ممالک اور پاکستانی عوام کے تعاون کے بغیر زلزلے کے بعد تعمیرِ نو ممکن نہ تھی۔ تعمیرِ نو کا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا اور باقی منصوبے بھی مکمل کیے جائیں گے۔ حکومت کی ترجیح زلزلہ متاثرہ اسکولوں کی عمارات کی تکمیل ہے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ غیر محفوظ تعمیرات نقصانات کا خطرہ بڑھاتی ہیں، اس لیے بلڈنگ کوڈز پر سختی سے عمل کیا جائے۔

تقریب میں اسکول کے بچوں نے زلزلے سے آگاہی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے ٹیبلو پیش کیا۔ وزیراعظم نے تقریری مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات اور فلاحی خدمات انجام دینے والی تنظیموں اور اداروں کو شیلڈز دیں۔

وزیراعظم نے اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریڈ کریسنٹ اور ریسکیو 1122 کے آگاہی و امدادی اسٹالز کا معائنہ بھی کیا، جہاں انہیں مختلف شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور امدادی کارروائیوں کی عملی مشق کا مظاہرہ بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp