سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی جاری ہے، اب تک 39 ہزار 200 سرکاری عازمین حج دوسری قسط کی ادائیگی مکمل کرچکے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق ون لنک کے ذریعے 19 ہزار 590 عازمین نے گھر بیٹھے دوسری قسط جمع کرائی، جبکہ 1,600 افراد نے بینک کارڈ اور 18 ہزار عازمین نے مینول بینک چالان کے ذریعے ادائیگی کو ترجیح دی۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2027: سرکاری اسکیم میں واجبات کی دوسری قسط جمع کروانے کی تاریخ کا اعلان
ترجمان کے مطابق ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کا تناسب 54 فیصد ہے، جبکہ حج واجبات کی دوسری قسط کی مد میں اب تک 25 ارب روپے موصول ہوچکے ہیں۔
سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کی حتمی تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق واجبات کی ادائیگی نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل پر ون لنک، کارڈ یا مینول بینک چالان کے ذریعے مکمل کی جاسکتی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج کے لیے ادائیگی سے قبل حج پورٹل پر موجود میڈیکل فٹنس فارم ڈاکٹر سے تصدیق کرانا لازم ہے۔ پاک حج ایپ پر 1 لاکھ 4 ہزار عازمین حج اپنے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرچکے ہیں، جبکہ 94 ہزار عازمین کی تصدیق کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2027: سرکاری حج اسکیم کی تمام نشستیں صرف 7 روز میں مکمل
دوسری جانب پاک حج ایپ کے ذریعے نجی حج سکیم میں بکنگ بھی جاری ہے۔ اب تک 34 ہزار عازمین حج نجی سکیم کے تحت واجبات جمع کراچکے ہیں، جبکہ نجی حج سکیم میں 37 ہزار 500 نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ نجی حج سکیم میں بکنگ اور ادائیگی کے لیے صرف پاک حج ایپ یا حج پورٹل استعمال کریں۔











